شہید کمانڈروں کی ٹارگٹ کلنگ کے حوالے سے مصطفیٰ الکاظمی عدالت میں طلب

شیعیت نیوز: عراقی میڈیا نے ایک دستاویز شائع کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ملکی اٹارنی جنرل نے عراق کے سابق وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی کو شہید کمانڈروں کی ٹارگٹ کلنگ کے معاملے میں پوچھ گچھ کے لئے عدالت میں طلب کر لیا ہے۔
عراقی اٹارنی جنرل نے عراق کے سابق وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی کو کمانڈر ایرانی قدس فورس و ڈپٹی کمانڈر عراقی حشد الشعبی جنرل قاسم سلیمانی و ابومہدی المہندس کی رفقاء سمیت شہادت کے معاملے میں عدالت طلب کر لیا ہے۔
عراقی ای مجلے شفق نیوز نے گزشتہ شام ایک دستاویز شائع کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ عراقی رکن پارلیمنٹ حسین مونس کی شکایت پر ملکی اٹارنی جنرل نے وفاقی عدالت کو اس بارے میں قانونی اقدامات اٹھانے کا حکم دیتے ہوئے تاکید کی ہے کہ وفاقی عدالت، مذکورہ عدالتی کارروائی کے نتائج سے جلد از جلد آگاہ کرے۔
مقامی میڈیا کے مطابق عراقی پارلیمنٹ کے نمائندے حسین مونس کے دفتر نے اتوار کی شام سابق وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی کے خلاف شکایت اور شہید کمانڈروں کی ٹارگٹ کلنگ کے حوالے سے مصطفی الکاظمی کی لاپرواہی پر مبنی ایک خط شائع کیا تھا جس میں عراقی اٹارنی جنرل کے دفتر کو مخاطب کرتے ہوئے تاکید کی گئی تھی کہ حکومتی نظم و سلامتی کی حمایت، اعلی قومی مفادات کی حفاظت اور ریاستی و نجی املاک کے تحفظ کے سلسلے میں پراسیکیوٹر جنرل کے دفتر کو حاصل اختیارات کی بناء پر ہم درخواست کرتے ہیں کہ وہ ملکی خفیہ ایجنسیز کے سابق سربراہ مصطفیٰ الکاظمی کے خلاف قانونی کارروائی کرے!
یہ بھی پڑھیں : ہم آخری امریکی فوجی کے انخلاء تک لڑیں گے، تحریک نجباء
دوسری جانب امریکی فوج کے ایک قافلے کے ذریعے فوجی سازوسامان اور گولہ بارود عراق سے شام منتقل کیا گیا ہے۔
سانا نیوز ایجنسی نے مقامی ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ کئی ٹرالروں سمیت چالیس گاڑیوں پر مشتمل امریکی فوج کا ایک قافلہ فوجی سازوسامان اور گولہ بارود لے کر الولید گزرگاہ کے ذریعے عراق سے شام میں داخل ہوا ہے۔
ان ذرائع کے مطابق قابض امریکی فوجیوں کی بکتر بند گاڑیوں کے حصار میں یہ فوجی قافلہ شام میں داخل ہونے کے بعد شمال مشرق میں حسکہ کے نواح میں واقع امریکہ کے غیرقانونی فوجی اڈے کی طرف روانہ ہو گیا۔
قابض امریکی فوجی شام میں قسد فورسز کی مدد سے اپنے اڈوں کو مضبوط بنانے اور شام کے تیل اور قدرتی ذخائر کی چوری کو جاری رکھنے کے لیے ہتھیاروں اور فوجی سازوسامان سے بھرے ہوئے ٹرک حسکہ لے کر جاتے ہیں۔