مجلسِ وحدتِ مسلمین کی سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے منسوب خبر کی تردید
شیعیت نیوز: مجلسِ وحدتِ مسلمین (MWM) نے بعض غیر ذمہ دار ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر چلنے والی اُس من گھڑت خبر کی سختی سے تردید کی ہے جس میں جماعت کے مرکزی سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے منسوب سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نامزدگی سے متعلق تحفظات کا تاثر دیا گیا تھا۔
ترجمان مجلسِ وحدتِ مسلمین پاکستان شہریار سید نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ خبر بے بنیاد، من گھڑت اور گمراہ کن ہے، جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی جھوٹی خبروں کا مقصد صرف اور صرف قوم میں انتشار پیدا کرنا اور اتحادِ امت کے پیغام کو کمزور کرنا ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ مجلسِ وحدتِ مسلمین کوئی مسلکی جماعت نہیں بلکہ ایک قومی، مذہبی و سیاسی تحریک ہے، جس نے ہمیشہ پاکستان میں فرقہ واریت، لسانیت اور تعصب کی ہر شکل کی نفی کی ہے۔ جماعت کا مقصد ملک میں عدل و انصاف، اتحادِ امت اور قومی خودمختاری کے قیام کے لیے جدوجہد کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کالعدم تحریک لبیک کے مطالبات اپنے دہشت گرد کارکنوں کی رہائی اور ذاتی مفادات کے لیے تھے، وزیرِ داخلہ محسن نقوی
یمن کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف جنرل الغماری صہیونی جارحیت کے خلاف دفاعی کارروائیوں کے دوران شہید
شہریار سید نے مزید کہا کہ بعض ہینڈلرز اور ان کے پالتو عناصر جھوٹی اور بے بنیاد خبروں کے ذریعے قوم میں کنفیوژن پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن قوم ایسے پروپیگنڈے کو رد کر چکی ہے۔
انہوں نے میڈیا نمائندگان سے درخواست کی کہ غیر مصدقہ اور بے بنیاد خبروں کے اجراء سے گریز کریں، اور ذمہ دارانہ صحافت کے تقاضوں کو پیش نظر رکھیں۔







