روس کا ایران کے پُرامن جوہری پروگرام کی حمایت کا اعادہ
شیعیت نیوز: روسی وزارتِ خارجہ نے ایران کے پُرامن جوہری پروگرام کے سیاسی و سفارتی حل کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ہے، جو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 کی مدت ختم ہونے کے بعد سامنے آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، روسی وزارتِ خارجہ نے واضح کیا کہ ایران اور روس کے درمیان تعاون روسی قوانین اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کی بنیاد پر جاری رہے گا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری معاہدہ مستقبل کے اشتراک کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کالعدم تکفیری دہشت گرد جماعت تحریکِ لبیک سے منسلک 40 مساجد و دفاتر محکمہ اوقاف کے حوالے
بیان میں تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا گیا کہ وہ نئی کشیدگی پیدا کرنے سے گریز کریں۔ ماسکو نے اعلان کیا کہ وہ اس عمل کو آگے بڑھانے کے لیے تمام سفارتی و سیاسی ذرائع استعمال کرنے کو تیار ہے۔
روسی وزارتِ خارجہ نے مزید کہا کہ یورپی ممالک کی جانب سے اقوام متحدہ کی پرانی پابندیاں دوبارہ نافذ کرنے کی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں، کیونکہ قرارداد 2231 کے تحت یہ پابندیاں قانونی طور پر ختم ہو چکی ہیں۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی قرارداد 2231، جو 2015 میں ایران کے ساتھ طے پانے والے جوائنٹ کمپری ہینسو پلان آف ایکشن (JCPOA) کی توثیق کرتی ہے، 18 اکتوبر 2015 کو نافذ ہوئی تھی۔ اس کی 10 سالہ مدت کے اختتام کے بعد ایران پر اسلحہ اور میزائل سے متعلق تمام پابندیاں بین الاقوامی قانون کے تحت ختم ہو چکی ہیں، جس سے یورپی دعوے قانونی طور پر بے بنیاد ہو گئے ہیں۔







