پاکستان کی سلامتی پر سمجھوتہ ناقابلِ تصور ہے، مرکزی صدر آئی ایس او
امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی صدر کا سخت الفاظ میں پیغام: سرحدی جارحیت برداشت نہیں کی جائے گی

شیعیت نیوز: امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر سید امین شیرازی نے افغانستان سے جارحیت کے خلاف اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ملک ہے جو ہمیشہ خطے میں استحکام اور باہمی احترام کا خواہاں رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دہشت و تشدد کی سیاست: تحریک لبیک پھر سڑکوں پر، ریاست کو چیلنج
انہوں نے کہا کہ حالیہ افغان جارحیت، سرحدی خلاف ورزیاں اور دہشت گردوں کو پناہ دینے جیسے اقدامات پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی پر براہِ راست حملے ہیں، جنہیں کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
سید امین شیرازی نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا ہے، مگر یہ صبر کمزوری نہیں بلکہ ذمہ داری کا ثبوت ہے۔ اگر افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہوتی رہی تو پاکستان اپنی سرزمین اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی سلامتی سرخ لکیر ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔