افغانستان کی جانب سے کرم میں پاکستانی حدود پر حملے: انجینئر حمید حسین کا حکومت سے سخت اقدام کا مطالبہ

13 اکتوبر, 2025 19:01

شیعیت نیوز: ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے پارلیمانی لیڈر اور رکنِ قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین طوری نے افغانستان کی جانب سے پاکستان کے سرحدی ضلع کرم کے مختلف مقامات، بشمول پیواڑ، تری منگل، خرلاچی، بوڑکی، انزرکی اور شورکی شہدانوں ڈنڈا پر پاکستان آرمی کی چیک پوسٹوں اور شہری آبادی پر کیے جانے والے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

انجینئر حمید حسین طوری نے کہا کہ طالبان حکومت کے یہ دہشت گردانہ حملے نہ صرف پاکستان کی خودمختاری پر حملہ ہیں بلکہ عالمی قوانین اور بین الاقوامی سرحدی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی بھی ہیں۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ایسے حملے اس وقت کیے جا رہے ہیں جب افغان وزیرِ خارجہ بھارت کے دورے پر ہیں، جو اس جارحیت کے پسِ منظر پر کئی سوالات اٹھاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں شہید مقاومت سید حسن نصراللہ کی پہلی برسی: عوام کا والہانہ جذبہ، علما و رہنماؤں کے خطابات

ایم این اے حمید حسین طوری نے پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور جرات مندانہ جوابی کارروائی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ہمیشہ مادرِ وطن کے دفاع کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے شہداء اور معصوم شہریوں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

آخر میں انجینئر حمید حسین طوری نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ افغان حکومت کے ساتھ سفارتی سطح پر سخت احتجاج ریکارڈ کرایا جائے، سرحدی سلامتی کے تحفظ کے لیے مؤثر و مستقل اقدامات کیے جائیں، اور کرم کے سرحدی عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

8:35 شام اپریل 14, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔