سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی تحریکِ لبیک کے مارچ پر ریاستی جبر کی شدید مذمت
شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ تحریکِ لبیک پاکستان کے اقصیٰ مارچ کے شرکاء پر ریاستی جبر، براہِ راست فائرنگ اور بے گناہ افراد کی شہادت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان کی جانب سے کرم میں پاکستانی حدود پر حملے: انجینئر حمید حسین کا حکومت سے سخت اقدام کا مطالبہ
چیئرمین نے کہا کہ نہتے شہریوں پر گولیاں چلانا کسی بھی مہذب، جمہوری اور اسلامی ریاست کے شایانِ شان نہیں اور یہ ہمارے قومی ضمیر و آئینی اصولوں پر زبردست طمانچہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے اپنے ناجائز اقتدار کے تحفظ کے لیے عوامی جانوں کو ارزاں سمجھ لیا ہے؛ سینکڑوں پاکستانیوں کے قتلِ عام اور مسلسل ریاستی جبر کے بعد فارم-47 کے ذریعے مسلط کردہ حکومت اخلاقی و سیاسی لحاظ سے اپنے حکمرانی کے حق سے محروم ہو چکی ہے۔
چیئرمین ایم ڈبلیو ایم نے زور دیا کہ اس مظلوم قوم پر مزید تجربات کی کوئی گنجائش نہیں رہی اور یہ حکومت فوراً مستعفی ہو کر گھر جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی باشعور، غیرتمند اور انسان دوست شخص کے لیے اس ظلم و بربریت پر خاموش رہنا ممکن نہیں۔
انہوں نے کھل کر کہا کہ اقتدار کے نشے میں مست اور اسرائیل نواز عناصر ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیل رہے ہیں، مگر ظلم کا دوام ممکن نہیں — یقین رکھیں کہ حق، عدل اور عوام کی آواز بالآخر غالب آئے گی اور وطنِ عزیز کے دشمن اپنی ہی سازشوں میں رسوا ہوں گے۔







