پاکستان اور افغانستان کشیدگی بات چیت سے حل کریں، ایران
ایرانی وزارت خارجہ نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ کشیدگی پر فریقین سے صبر و تحمل اور مذاکرات کے ذریعے معاملات حل کرنے کی اپیل کی ہے۔

شیعیت نیوز: ایرانی وزارتِ خارجہ نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک سے فوری مذاکرات اور باہمی احترام کی بنیاد پر مسائل حل کرنے کی اپیل کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ دونوں ممالک کو تحمل و تدبیر کا مظاہرہ کرتے ہوئے براہِ راست سفارتی رابطے بحال کرنے چاہییں تاکہ حالات کو مزید بگڑنے سے روکا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: فلسطینی قوم نے صہیونی حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا، ایرانی اسپیکر قالیباف
ایرانی ترجمان نے زور دیا کہ پاکستان اور افغانستان جیسے دو ہمسایہ اور برادر ممالک کو ایک دوسرے کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرنا چاہیے اور ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کرنا چاہیے جو کشیدگی میں اضافہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ بات چیت، باہمی مفاہمت، اور علاقائی تعاون ہی مسائل کے حل کا واحد راستہ ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ وہ خطے میں امن و استحکام کے لیے ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔