کراچی میں شہید مقاومت سید حسن نصراللہ کی پہلی برسی: عوام کا والہانہ جذبہ، علما و رہنماؤں کے خطابات
شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان، کراچی ڈویژن کی جانب سے بریٹو روڈ سولجرز بازار میں شہید مقاومت سید حسن نصراللہ کی پہلی برسی کے موقع پر عظیم الشان “شہداء راہِ مقاومت کانفرنس” کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر کراچی اور گرد و نواح سے عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے شہید مقاومت کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
کانفرنس کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جو مولانا نثار فردوسی نے کی، جب کہ برادر محمد ابو طالب نے نعت خوانی کرتے ہوئے بارگاہِ اہل بیتؑ میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔
بچوں اور بچیوں نے مشترکہ طور پر ملی ترانہ پیش کیا، اور برادر احمد رضا ناصری نے اپنی پرسوز آواز میں ترانۂ شہادت پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی سلامتی پر سمجھوتہ ناقابلِ تصور ہے، مرکزی صدر آئی ایس او
تقریب سے مختلف سیاسی و مذہبی شخصیات نے خطاب کرتے ہوئے شہید مقاومت سید حسن نصراللہ کی کامیاب اور مثالی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
نظامت کے فرائض علامہ مبشر حسن نے انجام دیے، جب کہ جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر معراج الہدٰی صدیقی، شیعہ علماء کونسل کراچی کے جنرل سیکریٹری علامہ سجاد حاتمی، علامہ نثار احمد قلندری، علامہ سید باقر حسین زیدی، علامہ اصغر حسین شہیدی، علامہ صادق جعفری، فلسطین فاؤنڈیشن کے راہنما صابر ابو مریم، علامہ مختار احمد امامی، مولانا اسحاق قراعتی، مولانا حیات عباس نجفی، علامہ سید احمد اقبال رضوی اور علامہ سید حسن ظفر نقوی نے خطاب کیا۔
اختتام پر وحدت یوتھ کراچی ڈویژن کی جانب سے پنڈال میں شہید مقاومت سید حسن نصراللہ کے مزار کی ہوبہو شبیہ تیار کی گئی، جس پر عوام کی بڑی تعداد نے حاضری دی۔
تمام علمائے کرام اور مقررین نے شبیہِ مزار پر حاضری دے کر شہید مقاومت سے اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔







