کالعدم لشکر جھنگوی کے دہشت گردوں کا بنوں میں پولیس پر حملہ کانسٹیبل شہید
"ڈومیل میں کانسٹیبل شہید، دہشت گردوں کے خلاف بڑے آپریشن کا آغاز"

شیعیت نیوز: ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) بنوں سلیم عباس کلاچی نے بتایا کہ واقعہ تحصیل ڈومیل کے باچا خان چوک میں پیش آیا، جہاں پولیس کانسٹیبل قدوس خان ڈیوٹی پر جا رہا تھا کہ موٹر سائیکل پر سوار کالعدم لشکر جھنگوی کے مسلح دہشت گردوں نے اس پر فائرنگ کر دی۔
ڈی پی او کے مطابق کانسٹیبل شدید زخمی ہوا اور اسے خلیفہ گل نواز ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
ریجنل پولیس کے ترجمان خانزالہ قریشی نے کہا کہ شہید ہونے والا پولیس اہلکار وزیر سب ڈویژنل پولیس افسر کا گارڈ تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ڈومیل کے ایس ایچ او اپنی ٹیم کے ہمراہ جائے وقوع پر پہنچے اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسلامی نظریاتی کونسل کا نیا فتویٰ، انجینئر محمد علی مرزا کو گستاخ قرار
ڈی پی او کلاچی نے کہا کہ واقعے کے بعد ضلع کے مختلف مقامات پر کالعدم لشکر جھنگوی کے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے تاکہ علاقے سے خطرے کا خاتمہ کیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ شہید کانسٹیبل کی نمازِ جنازہ آج ادا کی جائے گی۔
پاکستان میں گزشتہ ایک سال کے دوران دہشت گردی کی کارروائیوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے، خصوصاً خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
گزشتہ ماہ اگست میں بھی اپر دیر، کوہاٹ اور مہمند میں الگ الگ واقعات میں فرنٹیئر کور کے 3 اہلکار اور 2 پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے۔