مزاحمتی محاذ ملت کو استکباری سازشوں سے محفوظ رکھ سکتا ہے، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
شیعیت نیوز: سرگودھا میں مجلسِ علماء امامیہ پاکستان کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان کانفرنس بعنوان "شہدائے امت” کا انعقاد کیا گیا، جس میں حزب اللہ لبنان کے عظیم قائد شہید سید حسن نصر اللہ کی پہلی برسی کے موقع پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اس اجتماع میں پنجاب کے مختلف اضلاع سے علمائے کرام اور مبلغین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اسرائیل کے حوالے سے اپنی پالیسی واضح کرے؛ آئی ایس او کے نومنتخب صدر کا اسرائیل مردہ باد ریلی سے خطاب
مجلس وحدت المسلمین پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید سید حسن نصر اللہ کی زندگی اور جدوجہد امت مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرجعیت نے ہمیشہ ملت تشیع کو سرخرو کیا ہے اور یہی نظام ہمارے استحکام کا مضبوط ستون ہے۔
علامہ ناصر عباس نے مزید کہا کہ مزاحمتی محاذ ایک فطری اور ناگزیر مظہر ہے، جو ملت کو استکباری سازشوں سے محفوظ رکھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقاومت نے نہ صرف خطے کے حالات کو بدل دیا بلکہ مستقبل کے چیلنجز کے مقابلے کے لیے بھی خود کو تیار کر لیا ہے۔
انہوں نے شہید سید حسن نصر اللہ کو عزم و اخلاص، انکساری، شجاعت، زہد و تقویٰ اور اعلیٰ اخلاق کا پیکر قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے حزب اللہ کو آنے والے حالات کے لیے بھی تیار کر دیا تھا۔ اس لیے آج مایوسی کی کوئی گنجائش نہیں بلکہ یہ وقت امید اور استقامت کا ہے۔
کانفرنس کے اختتام پر شہید سید حسن نصر اللہ سمیت تمام شہدائے امت و مقاومت کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی گئی۔
یاد رہے کہ مجلسِ علماء امامیہ پاکستان، ادارہ الباقر کا شعبۂ تبلیغات ہے جو اپنے بانی و سربراہ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی کی قیادت میں گذشتہ ایک دہائی سے مبلغین امامیہ و آئمہ جمعہ والجماعت کی استعداد افزائی اور تبلیغی فعالیت کے میدان میں سرگرمِ عمل ہے۔







