سید امین شیرازی آئی ایس او پاکستان کے نئے میر کارواں منتخت
شیعیت نیوز : امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے سالانہ مرکزی کنونشن میں نئے میرِ کارواں کا انتخاب مکمل ہوگیا، سید امین شیرازی کو نیا میرِ کارواں منتخب کر لیا گیا۔
کنونشن کے آخری روز نئے میرِ کارواں کے انتخاب کے لیے جنرل باڈی اجلاس ہوا جس میں امین شیرازی اور حیدر عباس کے نام سامنے آئے، جس کے بعد ووٹنگ کروائی گئی اور امین شیرازی بھاری اکثریت سے منتخب ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان اسرائیل کے حوالے سے اپنی پالیسی واضح کرے؛ آئی ایس او کے نومنتخب صدر کا اسرائیل مردہ باد ریلی سے خطاب
آئی ایس او کے کارکنوں، علماء کرام اور سینیئر رہنماؤں نے امین شیرازی کو نئی ذمہ داری ملنے پر مبارکباد دی۔ علامہ شبیر بخاری نے نئے میرِ کارواں کا اعلان کیا جبکہ علامہ حسنین عباس گردیزی نے نئے مرکزی صدر سے حلف لیا۔
نو منتخب مرکزی صدر نے شرکاء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج دنیا کو نظامِ ولایت کی طرف پلٹنے کی ضرورت ہے، رہبرِ معظم سید علی خامنہ ای جو اس نظامِ ولایت کے امین بھی ہیں اور علمبردار بھی، وہ اسلام ناب کی نمائندگی کر رہے ہیں اور عالمِ کفر کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں۔ آج مسلمانانِ عالم کی مشکلات کا حل اور ان کی کامیابی کا راز اسی نظامِ ولایت کو سمجھنے اور اس کی پیروی کرنے میں ہے۔
نو منتخب مرکزی صدر نے استحکامِ پاکستان اور نامنظورِ اسرائیل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطنِ عزیز کی جغرافیائی اور فکری سرحدوں کا تحفظ ہمارا منشور ہے اور ہم وطن کی جانب اٹھنے والی ہر میلی آنکھ پھوڑنے کا جذبہ رکھتے ہیں۔ آئی ایس او ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے اور اپنے وطن کے دفاع کے لیے مصروفِ عمل رہے گی۔







