موجودہ صدی اسلام کی صدی ہے، علامہ حافظ سید ریاض نجفی
شیعیت نیوز: وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے جامع علی مسجد، حوزہ علمیہ جامعةالمنتظر ماڈل ٹاؤن میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امتِ اسلامی کی سب سے بڑی خوش بختی نبی مکرم سیدالمرسلین ختمی مرتبت حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا امتی ہونا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے کی امتوں کے لیے بھی اللہ تعالیٰ نے انبیاءؑ مبعوث فرمائے، لیکن ہمارے نبی تمام انبیاء کے سردار ہیں۔ پس ان کی امت بھی تمام امتوں میں افضل ہے اور اس امت کی قدر و منزلت بھی زیادہ ہے۔ اسی لیے امت اسلامی کے لیے ضروری ہے کہ اپنے کردار اور عمل سے یہ ثابت کرے کہ وہ محمد عربی ﷺ کی امت ہیں اور باقی امتوں سے بہتر و برتر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : اقوام متحدہ اجلاس میں خواجہ آصف کے پیچھے بیٹھی خاتون کون تھیں؟ دفتر خارجہ کا چونکا دینے والا انکشاف
علامہ ریاض نجفی نے کہا کہ موجودہ صدی اسلام کی صدی ہے۔ پاکستان کی بھارت پر فتح کو دیکھ لیجیے، ایران کے اسرائیل پر کامیاب حملوں کو دیکھ لیجیے، مسلمانوں کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔ حماس فلسطین، حزب اللہ لبنان اور انصاراللہ یمن کی مقاومت بھی قابلِ ستائش ہے، یہ مسلمانوں کی عظمت، بہادری اور مزاحمت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کو اپنے پیغمبر ﷺ سے بے پناہ محبت ہے۔ سورۂ ضحی کی تلاوت کیجیے۔ اسلام کے آغاز میں اگرچہ مسلمان بہت تھے لیکن نمازی صرف تین تھے: حضرت رسول خدا ﷺ، امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام اور سیدہ خدیجہ الکبریٰ سلام اللہ علیہا۔ حضرت موسیٰؑ نے اپنی شرح صدر اور زبان کی گرہ کے لیے دعا کی، جبکہ رسولِ اعظم ﷺ کے بارے میں اللہ نے خود فرمایا: "کیا ہم نے آپ کا سینہ کشادہ نہیں کیا؟” یہی وسعتِ قلب تھی کہ فتح مکہ کے موقع پر سب کو معاف کر دیا۔
علامہ ریاض نجفی نے کہا کہ اللہ نے فرمایا: "اِنّا اَعطَینٰکَ الکَوثَر”، ہم نے آپ کو خیر کثیر عطا کیا۔ اہلسنت مفسر قرآن فخرالدین رازی نے اپنی تفسیر میں "کوثر” سے مراد خاتون جنت حضرت فاطمة الزہرا سلام اللہ علیہا کی ذات اقدس کو لکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے 700 سال تک علم مسلمانوں کی میراث رہا، لیکن اب یہ میراث مغرب کو منتقل ہو چکی ہے۔







