شہید سید حسن نصراللہ پوری امت کا فخر ہیں، جہاد اسلامی فلسطین
بیان میں کہا گیا: شہداء کی ثابت قدمی امت کے لیے مشعلِ راہ ہے — صیہونی و امریکی سازشوں کے خلاف یکجہتی کا عندیہ

شیعیت نیوز : فلسطینی اسلامی جہاد نے حزبِ اللہ لبنان کے رہنماؤں، شہید سید حسن نصراللہ اور شہید سید ہاشم صفی الدین کی شہادت کی پہلی برسی کے موقع پر ایک بیان جاری کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ حزبِ اللہ کے ان رہنماؤں کی جہادی جدوجہد اور خصوصاً شہید سید حسن نصراللہ کے غاصب صیہونی منصوبے کے مقابلے میں ثابت قدم مؤقف اور فلسطین و اس کے مظلوم عوام کے دفاع کو امت ہمیشہ یاد رکھے گی۔
یہ بھی پڑھیں : اسنپ بیک پابندیاں لگیں تو جوہری مراکز پر عالمی معائنہ بند ہو جائیگا، ایرانی صدر
اسلامی جہاد نے مزید کہا کہ فلسطینی عوام اور پوری عرب و اسلامی امت کو اس بات پر فخر ہے کہ یہ دونوں شہید رہنما قدس کے راستے میں اور فلسطینی عوام کے حق میں صیہونی دشمن کی نسل کشی اور قتل و غارت کے مقابلے میں ڈٹ گئے۔
اس موقع پر اسلامی جہاد نے حزبِ اللہ کی ثابت قدمی اور صیہونی جارحیت کے خلاف مزاحمت، لبنان کی داخلی صورتحال کی بہتری اور مزاحمتی قوتوں کو کمزور کرنے کے لیے صیہونی و امریکی سازشوں کو ناکام بنانے پر حزبِ اللہ اور بالخصوص حزبِ اللہ کے سیکرٹری جنرل جناب شیخ نعیم قاسم کو مبارکباد پیش کی۔
بیان کے آخر میں اللہ تعالیٰ سے دعا کی گئی کہ لبنان اور اس کے مقاوم عوام کی حفاظت فرمائے اور انہیں استحکام و خوشحالی عطا کرے۔ اسلامی جہاد نے یقین ظاہر کیا کہ لبنان اپنی تاریخ کے اس نازک مرحلے کو کامیابی کے ساتھ عبور کر لے گا۔