قائداعظمؒ نے اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیا، پاکستان کبھی تسلیم نہیں کرے گا: علامہ شبیر حسن میثمی
شیعہ علماء کونسل کے سیکرٹری جنرل کا یوم وفات قائداعظمؒ پر پیغام—قوم کو اتحاد، تنظیم اور یقین محکم پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے

شیعیت نیوز : مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے 11 ستمبر، یوم وفات قائداعظم محمد علی جناحؒ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ برصغیر پاک و ہند میں قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی تحریک نے مسلمانوں کو پاکستان جیسے تحفے سے نوازا۔ یہ ملک، جس کی بنیاد "لا الہ الا للہ” پر رکھی گئی، تمام مسلمانوں کی مشترکہ جدوجہد کا ثمر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیئے کہ اس نے ہمیں قائداعظم محمد علی جناحؒ جیسا لیڈر عطا کیا جس نے آزاد ریاست کا تحفہ دیا۔ علامہ ڈاکٹر محمد اقبالؒ کی فکر اور قائداعظمؒ کی جدوجہد سے مغربی دنیا آج بھی پاکستان سے خوفزدہ ہے۔
علامہ شبیر حسن میثمی نے کہا کہ عالمی دنیا اس وقت مشکل مراحل سے گزر رہی ہے اور ان مشکلات کی سب سے بڑی وجہ ایک شیطانی اور غاصب صیہونی ریاست ہے۔ قائداعظمؒ کی دور اندیش سوچ اور فکر کا ہر فرد معترف ہے۔ انہوں نے اسرائیل کے حوالے سے فرمایا تھا: "اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے، جسے اُمت کے قلب میں گھسایا گیا ہے، پاکستان کبھی اسے تسلیم نہیں کرے گا۔” یہ دور اندیشی ثابت کرتی ہے کہ قائداعظمؒ دنیا کی ایک عظیم اور بصیرت افروز شخصیت تھے۔
یہ بھی پڑھیں : رسول اکرمؐ اور امام جعفر صادقؑ کی مشترکہ ولادت الٰہی پیغام ہے، آیت اللہ علم الہدی
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ پاکستانی حالات اور مسائل چاہے اندرونی ہوں یا بیرونی، ان کا حل قائداعظمؒ کی سوچ اور ان کی طرزِ سیاست میں ہے۔ قائد نے ملک میں تمام طبقات، بالخصوص مذہبی آزادی، کے حوالے سے کھل کر بات کی اور واضح کیا کہ کسی کی مذہبی آزادی پر پابندی لگانا قانونی و آئینی جرم ہے۔
مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان نے کہا کہ قائداعظمؒ کے افکار کی روشنی میں قوم کو متحد ہو کر ملک سے لاقانونیت، غربت، تنگدستی اور دیگر مسائل کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ بانی پاکستان کے فرامین "اتحاد، تنظیم اور یقین محکم” پر عمل پیرا ہو کر ہی وطن عزیز کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔