اہم ترین خبریںایرانمقبوضہ فلسطین

ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی قطر پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت

صدر پزشکیان: صہیونی حکومت نے دہشت گردی کی ہر حد پار کرلی، عالمی برادری فوری ردعمل دکھائے

شیعیت نیوز : ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے قطر پر صہیونی حکومت کے حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دہشت گردانہ اقدام اس حقیقت کی عکاسی کرتا ہے کہ اسرائیل نے جرائم اور دہشت گردی کی ہر حد پار کی ہے۔

اپنے پیغام میں صدر پزشکیان نے کہا کہ اسرائیل نے عالمی برادری کی معنی خیز خاموشی کے سائے میں ایک اور سنگین جرم انجام دیا ہے۔ قطر پر حملے اور فلسطینی مزاحمتی رہنماؤں کو نشانہ بنانے کا یہ اقدام نہ صرف بین الاقوامی قوانین اور انسانی اصولوں کی پامالی ہے بلکہ خطے کے امن و استحکام پر براہ راست حملہ بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام واضح طور پر ثابت کرتا ہے کہ صہیونی حکومت کسی قانون اور اصول کو تسلیم نہیں کرتی اور اپنی دہشت گردانہ کارروائیوں سے ہر طرح کی سفارتی کوششوں کو سبوتاژ کر دیتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : غربت، بے روزگاری اور تعلیم کی محرومی ہمارے معاشرے کے بڑے چیلنجز ہیں، علامہ مقصود علی ڈومکی

ایران کے صدر نے زور دیا کہ آزاد ممالک اور عالمی ادارے خصوصاً اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم کو اس کھلی جارحیت کے خلاف فوری، سخت اور عملی ردعمل دکھانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پائیدار امن صرف اسی صورت میں قائم ہوسکتا ہے جب خطے سے قبضہ اور جارحیت کا خاتمہ ہو۔

صدر پزشکیان نے قطر کی حکومت و عوام اور مظلوم فلسطینی قوم سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی دہشت گردی اور جارحیت کبھی بھی فلسطینی عوام کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتی، بلکہ یہ رویہ خطے کی ملتوں کے اتحاد کو مزید مضبوط کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ مظلوم اقوام کے ساتھ کھڑا رہے گا اور کسی بھی یکطرفہ پالیسی یا جارحانہ اقدام کو خطے کی سلامتی اور مستقبل کے لیے خطرہ نہیں بننے دے گا۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button