مجلس وحدت مسلمین فیصل آباد کی کابینہ کا فلڈ ریلیف مشن، متاثرین تک امداد پہنچائی گئی
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین ضلع فیصل آباد کی کابینہ نے پنجاب میں سیلاب آنے کے بعد مسلسل دو ہفتوں تک مختلف مجالس اور اجتماعات میں متاثرین کی امداد کے لیے فلڈ ریلیف کیمپس قائم کیے۔ ان میں امام بارگاہ بوستان زہرا سلام اللہ علیہا، مرکزی امام بارگاہ دھوبی گھاٹ، منڈی کواٹر اور ڈوگر چوک غلام محمد آباد سمیت مختلف مقامات شامل تھے۔ اس سلسلے میں ضلعی صدر جواد رضا اعوان ایڈووکیٹ ہائی کورٹ اور کابینہ کے تمام اراکین نے بھرپور کردار ادا کیا۔
فیصل آباد کے مومنین نے دل کھول کر مالی عطیات اور ضروری سامان کی فراہمی میں حصہ لیا۔ جمع شدہ رقوم، ادویات، راشن اور کپڑے صوبائی صدر سید علی اکبر کاظمی کی ہدایت پر چنیوٹ کی ضلعی قیادت سید خرم بخاری اور برادر عمر دراز کے ذریعے متاثرین تک پہنچائے گئے۔
یہ بھی پڑھیں : جھنگ میں ایم ڈبلیو ایم کا سب سے بڑا ریلیف آپریشن، علی قاسم بخاری کا خیمہ بستی کا دورہ
اس موقع پر مجلس وحدت کے رہنماؤں اور وحدت یوتھ نے چنیوٹ کے آخری گاؤں "شیخن” کا دورہ کیا، جو دریائے چناب کے کنارے واقع ہے اور شدید متاثر ہوا۔ یہاں کھانا، ادویات اور راشن تقسیم کیا گیا۔
کابینہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ صورت حال انتہائی سنگین ہے، اس لیے زیادہ سے زیادہ مالی عطیات، ادویات، اشیائے خور و نوش اور جانوروں کے لیے چارہ فراہم کریں۔ جمعہ کے اجتماعات میں ہر امام بارگاہ میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ امداد جمع ہو سکے۔







