اہم ترین خبریںشیعت نیوز اسپیشل

اسلام کا بنیادی نظام؛ نظامِ ولایت ہے: علامہ سید عقیل الغروی

بٹھنڈی جموں میں عظیم الشان سیرت النبیؐ کانفرنس، شیعہ فیڈریشن اور انجمنِ حسینی کے اشتراک سے منعقد: علمائے کرام و مفکرین کی بھرپور شرکت

شیعیت نیوز: مسجد امام رضا علیہ السلام بٹھنڈی میں شیعہ فیڈریشن صوبۂ جموں اور انجمنِ حسینی بٹھنڈی جموں کے باہمی تعاون سے ایک روزہ سیرت النبیؐ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں مذہبی، علمی اور سماجی حلقوں کی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔

کانفرنس میں عالمی شہرت یافتہ خطیب حجۃ الاسلام و المسلمین سید عقیل الغروی بطور مہمانِ خصوصی مدعو تھے، جبکہ شیعہ فیڈریشن صوبۂ جموں کے سرپرستِ اعلیٰ حجۃ الاسلام و المسلمین سید مختار حسین جعفری مہمانِ ذی وقار کے طور پر شریک ہوئے۔
ان کے علاوہ ریاست جموں و کشمیر کے مایہ ناز مبلغین، علمائے کرام اور بیرونِ ریاست سے تشریف لائے ہوئے مفکرین نے بھی کانفرنس کا حصہ بن کر اسے مزید معنوی اور علمی رنگ عطا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کا غزہ امن فارمولا امتِ مسلمہ کی غلامی کا نیا جال ہے: پروفیسر ابراہیم

علامہ سید عقیل الغروی نے اپنے خطاب میں قرآنی تعلیمات کی اہمیت اور دینی علوم کی ترویج پر زور دیتے ہوئے عالمی سطح پر رونما ہونے والے واقعات پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ اسلام کا بنیادی نظام؛ نظامِ ولایت ہے، جبکہ دنیاوی نظام سرمایہ دارانہ ہے جو انسان کو محض ایک ذریعہ سمجھ کر استعمال کرتا ہے۔

انہوں نے نوجوانوں اور طلبہ پر زور دیا کہ وہ دینی و اخلاقی تعلیمات کو اپنی زندگی میں نافذ کریں اور معاشرتی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

کانفرنس کے دوران اہلسنت کے بزرگ مفکرین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا، جبکہ قاری بین الاقوامی حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید کرار علی جعفری نے روح پرور تلاوتِ قرآنِ مجید پیش کی۔
علاوہ ازیں، طلاب حوزہ علمیہ امام محمد باقر علیہ السلام نے روحانی ماحول کو مزید پراثر بنانے کے لیے تواشیح پیش کیں، جس سے شرکاء محظوظ ہوئے۔

کانفرنس میں شامل افراد نے اس موقع کو دینی تعلیمات کے فروغ اور مختلف مکاتبِ فکر کے علماء و مفکرین کے درمیان علمی تبادلے کے لیے نہایت مفید قرار دیا۔
شرکاء نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اس طرح کے علمی و مذہبی اجتماعات جاری رہیں گے، تاکہ معاشرتی ہم آہنگی اور دینی شعور کو فروغ دیا جا سکے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button