قاضی نثار احمد پر حملہ دراصل گلگت بلتستان کے امن و وحدت پر حملہ ہے، علامہ شیخ محمد حسن جعفری
شیعیت نیوز : مرکزی جامع مسجد سکردو کے امام جمعہ علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے اپنے میڈیا سیل سے جاری بیان میں کہا ہے کہ امیر اہل سنت والجماعت گلگت بلتستان و خطیب مرکزی جامع مسجد اہل سنت گلگت قاضی نثار احمد پر فائرنگ کا افسوسناک واقعہ محض ایک فرد پر نہیں بلکہ گلگت بلتستان کے امن، وقار اور وحدت پر حملہ ہے۔ ایسے واقعات ان ہاتھوں کی نشاندہی کرتے ہیں جو خطے کے سکون، بھائی چارے اور اجتماعی بیداری سے خائف ہیں۔
انہوں نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میں تمام اہلِ ایمان، علماء، نوجوانوں اور باشعور شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ صبر، دانائی اور بیداری کا مظاہرہ کریں۔ دشمن کا سب سے بڑا ہتھیار افواہ، اشتعال اور انتشار ہے اور ہمیں اسی ہتھیار کو ناکام بنانا ہے۔ جو قوم اپنے جذبات کو عقل کے تابع رکھتی ہے، وہی قوم فتنوں پر قابو پاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کالعدم سپاہ صحابہ کی ضلع کرم کا امن ایک مرتبہ پھر خراب کرنے کی سازش، شادی کی تقریب میں توہین اہلِ بیتؑ
علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے حکومتِ گلگت بلتستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کروائی جائیں، ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور عوام کو تحفظ کا حقیقی احساس دلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کی بروقت فراہمی ہی امن کی بنیاد ہے۔
امام جمعہ سکردو نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پورے یقین کے ساتھ کہا جا سکتا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام دشمن کے عزائم کو ناکام بنائیں گے اور اس سرزمین کو دوبارہ امن، اخوت اور باہمی محبت کی روشن مثال بنا کر دکھائیں گے۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس خطے کو ہمیشہ امن، اتحاد اور برادری کا گہوارہ بنائے، زخمیوں کو صحتِ کاملہ عطا فرمائے اور امت کو تفرقہ و فتنہ سے محفوظ رکھے۔
واضح رہے کہ آج گلگت میں اہل سنت والجماعت کے امیر مولانا قاضی نثار احمد پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے انہیں زخمی کر دیا۔ اس واقعے کے بعد گلگت بلتستان کے سوشل میڈیا صارفین نے اس کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ گلگت بلتستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے۔







