ٹرمپ کا غزہ امن فارمولا امتِ مسلمہ کی غلامی کا نیا جال ہے: پروفیسر ابراہیم
سیرتِ رسول ﷺ ہی انسانیت کی نجات کا واحد راستہ ہے، امت کا زوال سیرتِ نبوی ﷺ سے دوری کا نتیجہ ہے، جماعت اسلامی کے رہنما کا خطاب

شیعیت نیوز: جماعتِ اسلامی پاکستان خیبر پختونخوا جنوبی کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ ٹرمپ کا غزہ امن فارمولا امتِ مسلمہ کی بدترین غلامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ امتِ مسلمہ کے حکمران امریکہ کے غلام بن چکے ہیں، اور یہ امت غلاموں کی غلام بن کر رہ گئی ہے۔ غلامی سے نجات کا واحد راستہ انقلابی قیادت کا انتخاب ہے۔
پروفیسر ابراہیم خان نے کہا کہ سیرتِ رسولِ اکرم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ ہی انسانیت کی نجات اور فلاح کا راستہ ہے۔ نبی اکرم ﷺ کی حیاتِ طیبہ ہر شعبۂ زندگی کے لیے بہترین نمونہ ہے — چاہے وہ انفرادی کردار ہو یا اجتماعی نظام، عبادات ہوں یا ریاستی امور۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا بڑا فیصلہ: محمود خان اچکزئی قومی اسمبلی اور علامہ راجہ ناصر عباس سینیٹ کے اپوزیشن لیڈر نامزد
انہوں نے یہ خیالات گورنمنٹ کالج آف منیجمنٹ سائنسز کرک میں اسلامی جمعیت طلبہ کوہاٹ ڈویژن کے زیرِ اہتمام سیرت النبی ﷺ ٹیسٹ مقابلے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیے۔
اس موقع پر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا جنوبی کے سیکرٹری جنرل محمد ظہور خٹک، قائم مقام امیر جماعت اسلامی ضلع کرک پروفیسر ڈاکٹر اظہار الحق، اسلامی جمعیت طلبہ خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل محمد انیس، اسلامی جمعیت طلبہ کوہاٹ ڈویژن کے ناظم محمد عاصم اور اسلامی جمعیت طلبہ ضلع کرک کے ناظم حسیب خٹک نے بھی خطاب کیا۔
ٹیسٹ میں کامیاب ہونے والے ٹاپ ٹین طلباء کو اسناد اور نقد رقوم سے نوازا گیا۔ پروفیسر محمد ابراہیم خان نے مزید کہا کہ سیرت النبی ﷺ پر عمل کرنا محض مذہبی فریضہ نہیں بلکہ دنیا و آخرت کی بھلائی کی واحد ضمانت ہے۔
انہوں نے کہا کہ نبی رحمت ﷺ نے جہالت، ظلم، استحصال اور نفرت سے بھرے معاشرے کو علم، عدل، امن اور محبت کا گہوارہ بنایا۔ آج اگر امت زوال کا شکار ہے تو اس کی سب سے بڑی وجہ یہی ہے کہ ہم نے سیرت کے سنہرے اصولوں کو ترک کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشرتی بگاڑ، اخلاقی انحطاط، خاندانی نظام کی ٹوٹ پھوٹ اور عالمی سطح پر مسلمانوں کی کمزوری کا علاج صرف اسوہ حسنہ ﷺ میں ہے۔