قاضی نثار احمد پر قاتلانہ حملہ گلگت بلتستان کے اتحاد پر حملہ ہے، علامہ شیخ میرزا علی

06 اکتوبر, 2025 02:58

شیعیت نیوز : صدرِ ملی یکجہتی کونسل گلگت بلتستان علامہ شیخ میرزا علی نے اہل سنت کے امیر مولانا قاضی نثار احمد پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں اتحاد اور قومی یکجہتی کی فضاء قائم کرنے میں تمام مسالک نے نمایاں کردار ادا کیا ہے، اور ان کوششوں میں مولانا قاضی نثار احمد کا کردار کلیدی رہا ہے۔ بالخصوص قومی مطالبات کو اجاگر کرنے میں وہ ہمیشہ صف اول میں رہے ہیں۔ ایسے موقع پر ان پر بزدلانہ اور شرمناک قاتلانہ حملہ نہ صرف ایک فرد پر بلکہ خطے کی وحدت اور امن پر حملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام بالخصوص تمام مسالک کے ماننے والے صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔ ساتھ ہی انہوں نے صوبائی حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اس سازش کو بے نقاب کرتے ہوئے اصل ملزمان کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔

یہ بھی پڑھیں : قاضی نثار احمد پر حملہ دراصل گلگت بلتستان کے امن و وحدت پر حملہ ہے، علامہ شیخ محمد حسن جعفری

علامہ شیخ میرزا علی نے مزید کہا کہ ملی یکجہتی کونسل گلگت بلتستان کی تمام رکن جماعتیں سازش کے خلاف متحد ہوں اور خطے میں بھائی چارگی اور وحدت کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

واضح رہے کہ مولانا قاضی نثار احمد پر فائرنگ کے واقعے کی گلگت بلتستان کے عوام، علمائے کرام اور سماجی کارکنان شدید مذمت کر رہے ہیں اور اسے تیسری قوت کی طرف سے گلگت بلتستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی گھناؤنی سازش قرار دیا جا رہا ہے۔

9:07 صبح اپریل 15, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔