قاضی نثار پر قاتلانہ حملہ: گلگت بلتستان کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے خلاف بڑی سازش بے نقاب

06 اکتوبر, 2025 03:06

شیعیت نیوز : اہل سنت والجماعت گلگت بلتستان کے سربراہ قاضی نثار احمد پر ہونے والے قاتلانہ حملے نے خطے میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو سبوتاژ کرنے کی سازش کو آشکار کر دیا ہے۔ ذرائع نے شیعیت نیوز کو بتایا ہے کہ گلگت بلتستان میں گزشتہ چند سالوں سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور شیعہ سنی وحدت روز بروز فروغ پا رہی تھی اور اس حوالے سے گلگت بلتستان کے تمام طبقات علاقائی حقوق کے لیے ایک پیج پر ہیں۔

گزشتہ کچھ عرصے سے زمینی معاملات ہوں یا معدنیات کے مسائل، علاقہ کے آئینی حقوق کے حصول کی بات ہو یا تعمیر و ترقی کی — اس حوالے سے گلگت بلتستان کے تمام طبقات میں ہم آہنگی تھی اور یہ ہم آہنگی کسی بھی طور پر خطے کے دشمنوں کو قبول نہیں تھی۔ علاقائی حقوق کے لیے مقامی سطح پر پرامن تحریکیں جاری ہیں، لہٰذا قاضی نثار احمد پر قاتلانہ حملہ کر کے علاقے کی پرامن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی پر مبنی فضا کو سبوتاژ کرنے کی ناکام کوشش کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : قاضی نثار احمد پر قاتلانہ حملہ گلگت بلتستان کے اتحاد پر حملہ ہے، علامہ شیخ میرزا علی

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے شیعہ سنی اکابرین اور قائدین کو ہوشیار رہنا ہوگا کیونکہ دشمن ان کی داخلی وحدت کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں کر رہا ہے اور اس قسم کے واقعات کسی بھی طور پر علاقے کے لیے کوئی نیک شگون نہیں۔ تاہم اپنے علاقے کے حقوق کے حصول کے لیے شیعہ سنی عمائدین اور قائدین کو اپنی تمام تر توجہ اتحاد و وحدت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی پر مرکوز رکھنے کی ضرورت ہے۔

علاقائی سطح پر اس قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی جا رہی ہے، خاص طور پر گلگت بلتستان کے صف اوّل کے تمام شیعہ علماء کرام نے قاضی نثار احمد پر ہونے والے اس حملے کو نہ صرف خطے کے لیے نقصان دہ قرار دیا بلکہ اس کو ایک منظم سازش بھی کہا ہے اور ان کا کہنا تھا کہ ہم کسی طور پر بھی علاقے کی پرامن فضا کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

7:17 صبح اپریل 15, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔