مشرق وسطی

مغرب اور امریکہ فلسطینی عوام پر صیہونی ظلم و ستم میں برابر کے شریک ہیں، ڈاکٹر المقداد

شیعیت نیوز: شام کے وزیر خارجہ ڈاکٹر فیصل المقداد نے تمام عرب ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ بیگناہ فلسطینی عوام کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے جاری ظلم و ستم کو روکنے کیلئے واحد موقف اختیار کریں۔ وہ قاہرہ میں منعقد ہونے والے عرب لیگ کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

یہ اجلاس فلسطین پر غاصب صیہونی حکومت کی حالیہ جارحیت کا جائزہ لینے کیلئے بلایا گیا ہے۔ ڈاکٹر فیصل المقداد نے اسلامی مزاحمت فلسطین کی جانب سے غاصب صیہونی حکومت کے خلاف شروع کئے گئے طوفان الاقصی فوجی آپریشن کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آج مقبوضہ فلسطین میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ گذشتہ کئی عشروں پر مبنی صیہونی حکومت کے غاصبانہ قبضے اور جارحانہ اقدامات کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ حماس کا حالیہ فوجی آپریشن درحقیقت فلسطینی عوام کی جانب سے اپنے دفاع کا قانونی حق استعمال کرنا ہے۔

شام کے وزیر خارجہ نے کہا کہ مغربی ممالک اور امریکہ غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے گذشتہ چند عشروں سے فلسطینی عوام پر مسلسل ظلم و ستم میں برابر کے شریک ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : فلسطینی کاز کی حمایت جاری رکھنے پر سعودی عرب کے ولی عہد کی تاکید

ڈاکٹر فیصل المقداد نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت کے جنگی جرائم کا حتمی نتیجہ اس کی شکست کی صورت میں سامنے آئے گا۔ انہوں نے عرب ممالک پر زور دیا کہ وہ فلسطینی قوم کے دفاع پر مبنی اپنی ذمہ داری بھرپور انداز میں ادا کریں۔

شام کے وزیر خارجہ نے امریکہ کی جانب سے اسرائیل کی غیر مشروط حمایت اور خطے میں اپنے طیارہ بردار جنگی بحری بیڑے بھیجنے کے اقدام کو شرمناک قرار دیا اور کہا کہ اسرائیل ایسی غاصب حکومت ہے جس نے 75 برس قبل فلسطین کے مقامی افراد کو ان کے گھروں سے نکال باہر کیا ہے اور ان کی بڑی تعداد کا قتل عام بھی کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک انسانی حقوق کی حمایت کے جھوٹے دعوے کرتے ہیں۔ فیصل المقداد نے کہا کہ ’’ہم سب جانتے ہیں کہ مغرب اور امریکہ کی جانب سے 1991ء میں میڈریڈ میں جو امن پروسس پیش کیا گیا عرب ممالک میں اس کے بارے میں شدید اختلافات پائے جاتے ہیں۔ یہ امن جس کی بات مغربی حکمران کرتے ہیں محض ایک سراب ہے۔ کیونکہ تمام عرب ممالک اپنی قومی سالمیت پر یقین رکھتے ہیں۔ مغربی طاقتیں پوری بے شرمی اور بے حیائی سے صیہونی دہشت گردوں اور شدت پسندوں کی حمایت کرتے ہیں۔‘‘

شام کے وزیر خارجہ ڈاکٹر فیصل المقداد نے مسلح جدوجہد اور مزاحمت کو مسئلہ فلسطین کا واحد راہ حل قرار دیا اور کہا کہ ’’ایک ہفتہ پہلے غاصب صیہونی حکومت کے حمایت یافتہ دہشت گردوں نے شام کے شہر حمص میں دہشت گردانہ کاروائی انجام دی جس میں سینکڑوں افراد جاں بحق ہو گئے اور کچھ ہی عرصے بعد ہم نے دیکھا کہ دہشت گرد صیہونی حکومت نے غزہ میں خواتین اور بچوں کا خون بہایا۔ ہم دیکھ رہے ہیں کہ غاصب صیہونی حکمران اور ان کے حامی غزہ میں رہائشی عمارات پر بمباری میں مصروف ہیں اور انہوں نے غزہ کو بجلی، پانی، ایندھن، دوائیوں اور بنیادی ضرورت کی اشیاء سے بھی محروم کر رکھا ہے۔ وہ تمام مغربی ادارے اور حکومتیں جو فلسطین کی مدد بند کر رہے ہیں اور عالمی سطح پر انسانی حقوق کے تمام دعوے دار فلسطینی عوام کے خلاف اس صیہونی ظلم و ستم میں برابر کے شریک ہیں۔‘‘

متعلقہ مضامین

Back to top button