علیمہ خانم کے گھر دھاوا اور بیٹے کا اغوا ریاستی جبر کی بدترین مثال ہے، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
شیعیت نیوز : سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ لاہور میں چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خانم کے گھر پر مسلح افراد کا دھاوا بول کر ان کے بیٹے شاہریز خان کو معصوم بچوں کے سامنے اغوا کرنا ریاستی جبر، بزدلی اور فسطائیت کی بدترین مثال ہے۔ یہ اقدام آئین، قانون اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ سیاسی انتقام میں خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانا موجودہ حکمران ٹولے اور ان کے سرپرستوں کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : 78 سال گزرنے کے باوجود ہر آنے والا سیلاب ہماری بے بسی اور نااہلی کا ثبوت ہے، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس
چیف جسٹس پاکستان سے مطالبہ ہے کہ فوری نوٹس لے کر شاہریز خان کو بازیاب کرایا جائے، ورنہ ملک کو بنانا ریپبلک بننے سے کوئی نہیں روک سکے گا۔ یاد رکھیں، ظلم و جبر کا یہ سلسلہ نفرتوں کو جنم دے گا اور آپ کی انا کو تسکین دینے کے بجائے انجام کو اور زیادہ بھیانک بنا دے گا۔







