اسرائیل جیسی ناجائز ریاست کو دوام بخش کر انسانیت کی تذلیل کی گئی، علامہ سید ساجد علی نقوی
شیعیت نیوز : علامہ سید ساجد علی نقوی نے بین الاقوامی یومِ انسانیت پر اپنے پیغام میں کہا: آج عالمِ انسانیت جس صورتحال کا شکار ہے، اس کی بنیادی وجہ ہوس، لالچ اور خونخواری ہے۔ عالم انسانیت کی فلاح کے لئے خالقِ حقیقی نے مختلف ادوار میں انبیاء، اوصیاء اور برگزیدہ بندوں کے ذریعے ایک ہی آفاقی پیغام کے ذریعے نجات، فلاح اور ترقی کی جانب متوجہ کیا، مگر افسوس شیطان صفت افراد نے ہمیشہ طمع، لالچ، ہوس اور خونخواری کے ہتھیار سے اس پیغام کو پارہ پارہ کیا۔ اس کی تازہ ترین مثال آج فلسطین خصوصاً غزہ میں بے گناہ کم سن بچوں کا خون، نسل کشی، جبراً مسلط کیا گیا قحط اور نام نہاد مہذب دنیا کی مجرمانہ خاموشی ہے۔
انہوں نے کہا: اس وقت عالمِ انسانیت کو جن مسائل کا سامنا ہے اس میں سب سے بڑی وجہ خود انسان کی اپنی ہوس، لالچ اور خونخواری ہے، اور جب یہ عنصر انسانوں سے معاشروں اور ریاستوں میں منتقل ہو تو تباہی لاتا ہے۔ ایسی ہی تباہی استعمار لایا۔ ایک طرف استعمار نے اپنے چند مقاصد کی خاطر ہیروشیما، ناگاساکی تا افغانستان و عراق دنیا کو تاراج کیا تو وہیں اسرائیل جیسی ناجائز ریاست کو دوام بخش کر انسانیت کی تذلیل کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : انبیاء کی بعثت کا مقصد صرف روشنگری نہیں، باطل طاقتوں کے خلاف جدوجہد بھی ہے: سید محمد مہدی میر باقری
علامہ ساجد نقوی نے کہا: آج جو کچھ فلسطین خصوصاً غزہ میں ہو رہا ہے وہ درندگی و دہشت گردی کی انتہا ہے کہ اس طمع، لالچ، ہوس اور خونخواری کے ہتھیار نے بے گناہ کم سن بچوں تک کو نہ چھوڑا۔ مگر افسوس نام نہاد مہذب دنیا مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔ افسوس انسانیت، اقوام، معاشروں اور ریاستوں کے تحفظ کے لئے بنائی گئی اقوامِ متحدہ بھی ان استعماری قوتوں کے سامنے بے بس ہو چکی ہے اور صرف ایام منانے پر ہی اکتفا کر رہی ہے۔







