یورپی ممالک کو ایران کے خلاف اسنیپ بیک میکانزم فعال کرنے کا حق نہیں، روس
میخائیل اولیانوف نے کہا کہ برطانیہ، جرمنی اور فرانس خود قرارداد 2231 کی خلاف ورزی کر رہے ہیں لہٰذا وہ اس میکانزم کو استعمال نہیں کر سکتے

شیعیت نیوز : ویانا میں قائم بین الاقوامی اداروں کے لیے روس کے مستقل نمائندے میخائیل اولیانوف نے کہا ہے کہ برطانیہ، جرمنی اور فرانس کو ایران کے خلاف اسنیپ بیک میکانزم فعال کرنے کا کوئی قانونی حق حاصل نہیں۔
اولیانوف نے ایکس پر لکھا کہ برطانیہ، جرمنی اور فرانس ایران کو بلیک میل کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور دھمکی دے رہے ہیں کہ اگست کے آخر تک سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 کے تحت اسنیپ بیک میکانزم کو فعال کر دیا جائے گا، جس کے نتیجے میں ایران پر سابقہ اقتصادی پابندیاں بحال ہوسکتی ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ اس اقدام کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ یہ ہے کہ مذکورہ یورپی ممالک خود قرارداد 2231 اور جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کررہے ہیں، لہذا قانونی اعتبار سے خلاف ورزی کرنے والوں کو اس میکانزم کو فعال کرنے کا حق حاصل نہیں۔
یہ بھی پڑھیں : عالمی یوم مسجد: امت مسلمہ کے اتحاد اور مزاحمت کی علامت
روس کے نمائندے نے مزید کہا کہ بین الاقوامی قانون میں نیک نیتی کا اصول اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ کوئی فریق کسی معاہدے سے حقوق حاصل کرنے کا دعوی کرے جبکہ وہ خود اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کر رہا ہو۔
انہوں نے عالمی عدالت انصاف کی رائے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یورپی ممالک کی جانب سے اسنیپ بیک کی کوشش بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں کے منافی ہوگی۔
ادھر چین نے بھی یورپی ممالک کے اس اقدام کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین ایرانی جوہری مسئلے کے پرامن حل کے لیے سیاسی اور سفارتی راستوں کا حامی ہے اور سلامتی کونسل کی پابندیاں دوبارہ نافذ کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرتا ہے۔