برادر دیباج عابدی دوسری مرتبہ آئی ایس او کراچی ڈویژن کے صدر منتخب
انہوں نے کہا کہ آئی ایس او پاکستان نے ملی اتحاد کے فروغ کے لئے جہاں ضرورت پڑی اپنے آپ کو پیش کیا اور آئندہ بھی ملی اتحاد کو مضبوط کرنے کے لئے اپنی خدمات پیش کرتی رہے گی

شیعیت نیوز: امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے 43 واں تعمیر وطن سالانہ ڈویژنل کنونشن کا انعقاد امام بارگاہ محمدی ڈیرہ ملیر میں کیا گیا۔ کنونشن میں وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین مولانا احمد اقبال رضوی، مولانا مبشر زیدی سمیت علماء کرام، ارکان مرکزی نظارت، ارکان ذیلی نظارت، ارکانِ ڈویژنل کابینہ، ارکانِ مجلس عمومی سمیت شہر بھر سے طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دو روز تک جاری رہنے والے کنونشن کے آخری روز مختلف تنظیمی امور کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ آئی ایس او کراچی ڈویژن کے ڈویژنل صدر کا انتخاب بھی کیا گیا۔ ڈویژنل صدر برائے سال 2022-23ء کا اعلان مولانا احمد اقبال رضوی نے کیا، رکن مرکزی نظارت عارف الجانی نے نو منتخب صدر دیباج عابدی سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔
یہ بھی پڑھیں: چیف جسٹس اعظم سواتی کے اہل خانہ کی عزت وناموس پر حملہ کرنے والے مجرموں کو نشان عبرت بنائیں، علامہ راجہ ناصرعباس
اس موقع پر نومنتخب صدر دیباج عابدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایس او پاکستان نے ہمیشہ ملکی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کے لئے کوشاں رہی ہے اور رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس او پاکستان نے ملی اتحاد کے فروغ کے لئے جہاں ضرورت پڑی اپنے آپ کو پیش کیا اور آئندہ بھی ملی اتحاد کو مضبوط کرنے کے لئے اپنی خدمات پیش کرتی رہے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایس او پاکستان ہمیشہ طلبا و طالبات کی رہنمائی میں پیش پیش رہی ہے اور یہی روایت آئندہ بھی جاری رہے گی۔