دنیا

یوکرین، امریکی سفارتی عملے کے انخلاء کا اعلان آج متوقع

شیعیت نیوز: امریکی محکمہ خارجہ کے عہدے دار کا کہنا ہے کہ یوکرین میں امریکی سفارت خانے کے بیشتر سفارتی عملے کے انخلاء کا اعلان آج متوقع ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے عہدے دار نے امریکی میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا کہ امریکی سفارتی عملے کے تقریباً 200 افراد کو پولینڈ کی سرحد کے قریب منتقل کر دیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پولش سرحد کے قریب امریکی سفارت کاروں کی منتقلی یوکرین میں سفارتی موجودگی رکھنے کے لیے ہو گی۔

ادھر وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ روس چند روز میں یوکرین پر بم باری اور میزائل حملہ کر سکتا ہے۔ ممکنہ حملے کے پیشِ نظر امریکہ کی جانب سے آئندہ ہفتے تک مزید 3 ہزار فوجی پولینڈ بھیجنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

مشیرِ امریکی قومی سلامتی کے مطابق یوکرین پر روسی حملے کا قوی امکان ہے، تاہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ پیوٹن نے حملے کا ’’حتمی فیصلہ‘‘ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے جرمنی کا کہنا ہے کہ اگر روس کی جانب سے یوکرین پر حملہ ہوا تو امریکہ، فرانس اور جرمنی روس کے خلاف سخت پابندیاں لگائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : شام کے فضائی دفاع نے آٹھ اسرائیلی میزائل مار گرائے، روس

دوسری طرف روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کی منصوبہ بندی کی تردید کی گئی ہے، جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین کے ساتھ سرحد پر روس نے ایک لاکھ سے زائد فوجی جمع کر لیے ہیں۔

ادھر یوکرین پر روسی حملے کے خدشات پر امریکی منڈیوں میں مندی دیکھنے میں آ رہی ہے، ایس اینڈ پی میں 1 اعشاریہ 9 فیصد کمی آئی ہے۔ دوسری جانب اس صورتِ حال کے باعث کاروباری ہفتے کے اختتام پر تیل کی قیمتوں میں 3 ڈالر فی بیرل اضافہ ہوا ہے۔

ادھر جنوبی کوریا نے اپنے شہریوں کے یوکرین کا سفر کرنے پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ امریکہ کے بعد برطانیہ، جاپان اور نیدر لینڈز نے بھی شہریوں کو یوکرین فوری چھوڑنے کی ہدایت کر دی ہے۔

اسرائیل نے بھی اپنے سفارتی عملے کے اہل خانہ کو یوکرین سے نکالنے کا اعلان کیا ہے۔ یوکرین پر ممکنہ روسی جارحیت کے معاملے پر یورپی یونین خارجہ امور کے ترجمان پیٹر اسٹانو کا کہنا ہے کہ ای یو رکن ممالک کےسا تھ مل کر یوکرین کی صورتِ حال کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فی الحال یوکرین سے سفارتی عملے کا انخلاء نہیں کر رہے، جبکہ غیر ضروری عملے کو یوکرین سے باہر ٹیلی ورک کرنے کا موقع دیا جا رہا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button