ایران، روس اور چین کا اقوام متحدہ کو مشترکہ خط
شیعیت نیوز: ایران کے نائب وزیرِ خارجہ برائے قانونی و بین الاقوامی امور کاظم غریب آبادی نے انکشاف کیا ہے کہ ایران، روس اور چین نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے صدر کو ایک مشترکہ خط ارسال کیا ہے، جس میں قرارداد 2231 کے خاتمے سے باضابطہ طور پر آگاہ کیا گیا ہے۔
غریب آبادی نے مقامی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ ایران نے اس موقع پر وسیع سفارتی اقدامات کیے تاکہ مغرب اور امریکہ کی دوہری پالیسیوں کا جواب دیا جا سکے اور ایران کے قانونی مؤقف کے لیے عالمی حمایت حاصل کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ تینوں ممالک نے واضح طور پر اعلان کیا ہے کہ سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 اب ختم ہوچکی ہے، اور دنیا کے ممالک اب اس کے تحت کسی بھی پابندی کے نفاذ کے پابند نہیں رہے۔
یہ بھی پڑھیں : جامعۃ الکوثر میں علامہ ملک ظفر عباسؒ کی یاد میں تعزیتی ریفرنس، علمائے کرام کا خراجِ عقیدت
ایرانی نائب وزیرِ خارجہ نے بتایا کہ یوگنڈا میں منعقدہ غیر وابستہ تحریک کے وزرائے خارجہ اجلاس میں 121 سے زائد ممالک نے تصدیق کی کہ قرارداد 2231 کی مدت 18 اکتوبر کو ختم ہو رہی ہے، جو ایران کے مؤقف کے لیے عالمی سطح پر بھرپور حمایت کی علامت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چارٹر فرینڈز گروپ کے 21 ممالک نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ مغرب اور امریکہ کی یکطرفہ پابندیاں قانونی طور پر باطل ہیں اور اقوامِ متحدہ کے رکن ممالک ان پر عملدرآمد کے پابند نہیں۔
غریب آبادی نے اس بات پر زور دیا کہ ایران عالمی سطح پر بین الاقوامی اتفاقِ رائے قائم کرنے کی کوششیں جاری رکھے گا، تاکہ مغربی پابندیوں کے قانونی جواز کے فقدان کو تسلیم کیا جا سکے۔
آخر میں انہوں نے واضح کیا کہ قرارداد 2231 کے خاتمے کے بعد اب بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کو تین ماہ بعد ایران کے معاہدے سے مطابقت پر رپورٹ پیش کرنے کی ضرورت نہیں رہی۔







