ایک اور یرغمالی کی لاش حوالے کی جائے گی اسرائیلی جارحیت رکاوٹ بن سکتی ہے، حماس

19 اکتوبر, 2025 15:54

شیعیت نیوز: فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ نے اعلان کیا ہے کہ آج ایک اور اسرائیلی یرغمالی کی لاش حوالے کی جائے گی، تاہم اس کے لیے حالات کا سازگار ہونا ضروری ہے۔

تنظیم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر اسرائیل کی طرف سے کوئی نئی فوجی کارروائی یا جارحیت ہوئی تو یرغمالی کی لاش تلاش کرنے کا عمل متاثر ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فلسطین فلسطینیوں کا ہے، امریکہ و اسرائیل کو کوئی حق نہیں: علامہ مقصود ڈومکی

یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب اسرائیلی فوج نے جنوبی اور وسطی غزہ میں فضائی اور توپ خانے کے حملے تیز کر دیے ہیں۔

حماس نے امریکی محکمہ خارجہ کے اس بیان کو بھی سختی سے مسترد کر دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ ’قابلِ اعتماد رپورٹس‘ کے مطابق حماس جنگ بندی کی خلاف ورزی کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

اتوار کو جاری اپنے بیان میں حماس نے کہا کہ امریکی الزامات جھوٹے، گمراہ کن اور مکمل طور پر اسرائیلی پروپیگنڈے کے مطابق ہیں، جن کا مقصد غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کو جواز فراہم کرنا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکا کی طرف سے یہ مؤقف اسرائیل کے منظم حملوں اور فلسطینیوں کے خلاف جرائم کے تسلسل کو تقویت دیتا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے قبل ازیں دعویٰ کیا تھا کہ حماس شہریوں پر حملے کی تیاری کر رہی ہے، جو جنگ بندی کی سنگین خلاف ورزی ہوگی، اور ثالث ممالک سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ حماس پر دباؤ ڈالیں کہ وہ امریکا کی حمایت یافتہ امن معاہدے کی پاسداری کرے۔

یہ بھی پڑھیں:
اسرائیل کی جانب سے غزہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی، حملے میں 9 فلسطینی شہید

الجزیرہ نے طبی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ جنگ بندی کے آغاز سے اب تک غزہ میں کم از کم 51 فلسطینی اسرائیلی حملوں میں شہید ہو چکے ہیں، جبکہ 150 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج کی کارروائیاں وقفے وقفے سے جاری ہیں، جس سے جنگ بندی کی پائیداری پر سنگین سوالات اٹھ رہے ہیں۔

1:38 شام مارچ 13, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔