لبنان کی آزادی بیرونی طاقتوں کے رحم و کرم پر نہیں: رکن پارلیمنٹ حزب اللہ
شیعیت نیوز: حزب اللہ کے رکن پارلیمنٹ محمد رعد نے کہا ہے کہ لبنان کی آزادی اور خودمختاری کو برقرار رکھنے کے لیے بیرونی طاقتوں پر انحصار صرف ایک فریب ہے۔
رعد نے دفاعِ مدنی کے شہداء کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی دشمن نے غزہ اور لبنان میں سب سے بھیانک نسل کشی کی، جس میں قتل و غارت، تباہی، قحط، اسپتالوں، رہائشی عمارتوں اور گنجان آباد علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ اسرائیلی فوج نے لبنان میں تناؤ ختم کرنے کے معاہدے کے بعد سے چار ہزار سے زائد خلاف ورزیاں کی ہیں، جن میں فضائی، زمینی اور سمندری حملے شامل ہیں۔ محمد رعد کے مطابق، یہ جارحانہ رویہ جلد یا بدیر خود اسرائیلی رژیم کے لیے تباہ کن نتائج لے آئے گا۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ سے ایک اور اسرائیلی قیدی کی لاش واپس: اب تک 11 لاشیں اسرائیل کے حوالے
انہوں نے کہا کہ آزادی اور خودمختاری کسی بھی قوم کے لیے بنیادی عناصر ہیں، جو عوام کے ارادے، شعور، ایمان اور اخلاقی اقدار کی پاسداری سے حاصل ہوتے ہیں، اور مقاومت اس شعور کا اعلیٰ ترین مظہر ہے۔
رعد نے مزید کہا کہ لبنان میں مقاومت ایک دفاعی قوت ہے جو قومی ارادے سے جنم لیتی ہے، کسی بیرونی اجازت یا مشروعیت کی محتاج نہیں، بلکہ ریاست اور معاشرے کی حفاظت کے لیے کام کرتی ہے۔ ان کے مطابق، وطن کی خودمختاری بیرونی طاقتوں کے مفادات کے سامنے سر جھکانے سے نہیں بلکہ آزاد قومی فیصلوں سے حاصل ہوتی ہے۔







