حماس نے دو مزید اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں ریڈ کراس کے حوالے کردیں
شیعیت نیوز: حماس نے دو مزید اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں ریڈ کراس کے حوالے کر دی ہیں اور ساتھ ہی قابض اسرائیلی حکومت پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں اور غزہ میں امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو کے دفتر نے تصدیق کی کہ دونوں لاشیں ریڈ کراس کے ذریعے وصول کی گئیں اور شناخت کے لیے فرانزک انسٹیٹیوٹ منتقل کر دی گئی ہیں۔ بعد ازاں اسرائیلی فوج نے اعلان کیا کہ ان میں سے ایک لاش رونن ٹومی اینجل کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لبنان کی آزادی بیرونی طاقتوں کے رحم و کرم پر نہیں: رکن پارلیمنٹ حزب اللہ
یہ پیش رفت گزشتہ ہفتے کے اختتام پر طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کا حصہ ہے، جس کے تحت دو سال سے جاری اسرائیلی جارحیت کا خاتمہ ہوا۔
امریکہ کی ثالثی میں طے پانے والے اس معاہدے کے پہلے مرحلے میں حماس نے 20 زندہ اسرائیلی قیدیوں اور 28 ہلاک شدگان کی لاشیں واپس کرنے پر رضامندی ظاہر کی، جبکہ اسرائیل نے تقریباً 2,000 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرنے اور 360 شہداء کی لاشیں واپس کرنے کا وعدہ کیا۔
اب تک حماس تمام 20 زندہ قیدیوں اور 12 اسرائیلی ہلاک شدگان کی لاشیں واپس کر چکی ہے، جبکہ اسرائیل نے تقریباً 2,000 فلسطینیوں کو رہا اور 135 فلسطینی شہداء کی لاشیں واپس کی ہیں۔







