شہید ابو شخیدم کی شہادت پسندانہ کارروائی مزاحمتی تاریخ کا ایک اہم موڑ ہے، جہاد اسلامی

شیعیت نیوز: فلسطینی تنظیم جہاد اسلامی کے سربراہ زیاد النخالہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں شہید ابو شخیدم کی شہادت پسندانہ کارروائی مزاحمتی تاریخ کا ایک اہم موڑ ہے ۔
زیاد النخالہ نے کہا کہ شہید ابو شخیدم نے جہاد اور مزاحمت کی راہ میں اہم کارنامہ انجام دیا ہے انھوں نے فلسطینی عوام اور بیت المقدس کے دفاع میں اپنی شجاعت اور بہادری کے جوہر دکھائے ہیں اور ہمیں ان کے اس بہادرانہ اقدام پر فخر ہے۔
زیاد النخالہ نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین کا دفاع ہمارا حق ہے اور ہم اپنے وطن عزیز کو صہیونیوں کے غاصبانہ قبضہ سے آزاد کرانے کے سلسلے میں مسلح جد وجہد جاری رکھیں گے۔
دوسری جانب دنیا کے مختلف گوشوں سے آکر فلسطینی سرزمین پر قابض ہونے والے صیہونی آبادکاروں نے مقبوضہ علاقوں میں فلسطینی باشندوں کے مکانات پر دھاوا بولا اور ان کے مکینوں کے ساتھ مارپیٹ کی۔
یہ بھی پڑھیں : فلسطینیوں کے ایک رات میں اسرائیلی اہداف پر 10 حملے ، 13 فلسطینی گرفتار
فلسطین کی معا نیوز کے مطابق صیہونی آبادکاروں نےپیر کی شام نابلس کے عوریف دیہات کے باشندوں کو دھاوا بولا اور ان کے مکانات کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ گلی کوچوں میں کھڑی انکی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا۔
مقبوضہ بیت المقدس میں بھی صیہونی آبادکاروں نے اپنے باوردی مسلح دہشت گردوں کی پشت پناہی کے ساتھ فلسطینی باشندوں پر حملہ کر کے ان کے ساتھ پار پیٹ کی۔
فلسطینی سرزمین کو ہتھیانے والے بیگانہ صیہونی عناصر اپنے مسموم اور جارحانہ مقاصد کے حصول کی راہ میں کسی بھی انسانی و قانونی حد کے قائل نہیں ہیں اور وہ روزانہ کی بنیاد پر مختلف شرپسندانہ اور اشتعال انگیز طریقوں سے فلسطینی شہریوں کو تنگ کرنے کی بھرپور کوشش کرتے ہیں تاکہ شاید انہیں اس طرح سے اپنے علاقوں سے کوچ کرنے پر مجبور کر کے انکی مزید زمینوں پر اپنا ناجائز قبضہ جما سکیں۔
مگر صیہونی دہشت گردی اور جارحیت کے مقابلے میں سینہ سپر نہتے فلسطینی نوجوان اپنی سرزمین کو غاصبوں کے شر سے پاک کرنے کے لئے پر عزم ہیں اور وہ ہر ممکن طریقے سے صیہونی دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہیں اور اس راہ میں وہ اپنی جان و مال کو داؤ پر لگانے میں بھی کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتے۔