وصال رسول ﷺ اور شہادت امام حسن ؑ: امت مسلمہ سیرت رسول و اہل بیت ؑ پر عمل کرے، علامہ ساجد علی نقوی
شیعیت نیوز: 28 صفر المظفر کے موقع پر اپنے پیغام میں علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ خاتم النبین، رحمت للعالمین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم انسانیت کی ہدایت کا مرکز و محور ہیں۔ قرآن حکیم کے ساتھ ساتھ سنت و سیرتِ رسول اکرم ﷺ آج بھی عالم انسانیت کے لیے رہنمائی اور نجات کا ذریعہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر امت مسلمہ اور پوری انسانیت حضور اکرم ﷺ کی سنت و سیرت پر عمل کرے تو دنیا سے مشکلات اور بحران ختم ہوسکتے ہیں۔ وصال نبوی کے بعد اہل بیت اطہار ؑ نے امت کی رہنمائی کا فریضہ انجام دیا اور انفرادی و اجتماعی مسائل کا عملی حل پیش کیا۔
علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ نواسہ رسول حضرت امام حسن مجتبیٰ ؑ اخلاق، سخاوت، صبر و عفو اور حلم میں کامل نمونہ تھے، اسی لیے آپ کو ’’کریم اہل بیت‘‘ کہا جاتا ہے۔ نبی اکرم، حضرت علی ؑ اور سیدہ زہرا ؑ نے ان کی تربیت اس انداز میں کی کہ ہر مرحلے پر امام حسن ؑ شبیہ پیغمبر نظر آئے۔
یہ بھی پڑھیں : سوست دھرنا: اپوزیشن لیڈر کاظم میثم کی تاجر برادری سے یکجہتی، طاقت کے استعمال پر سنگین نتائج کی وارننگ
انہوں نے کہا کہ امام حسن ؑ نے صلح کے راستے کو اختیار کرکے یہ ثابت کیا کہ اہل بیت ؑ دین اسلام کی حفاظت اور بقا کے ضامن ہیں۔ رسول خدا ﷺ نے اپنی احادیث میں پہلے ہی امام حسن ؑ کی عظمت اور منزلت واضح فرما دی تھی۔
علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ موجودہ پرفتن دور میں ضروری ہے کہ ہم فروعی اختلافات کو پس پشت ڈال کر مشترکات کو اپنائیں اور رسول اکرم ﷺ و اہل بیت ؑ کے اسوہ پر عمل پیرا ہو کر امن، محبت، رواداری اور اخوت کو فروغ دیں۔ یہی دنیوی و اخروی نجات کا واحد راستہ ہے۔







