سوست دھرنا: اپوزیشن لیڈر کاظم میثم کی تاجر برادری سے یکجہتی، طاقت کے استعمال پر سنگین نتائج کی وارننگ
گلگت بلتستان کو بحرانوں میں دھکیلا جا رہا ہے، عوام متحد ہو کر تاجران کی حمایت کریں، کاظم میثم

شیعیت نیوز : اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان کاظم میثم کی قیادت میں اپوزیشن اراکین نے ہر سپو اور تھول نگر میں سوست کے تاجران کے حق میں جاری دھرنوں سے خطاب کے بعد سوست کا رخ کیا۔
تھول میں خطاب کرتے ہوئے کاظم میثم نے گمبہ سکردو کی عوامی اراضی پر انتظامیہ کے قبضے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’گولیاں برسائیں، پتھر ماریں یا میزائل، ہم جلد تاجران کے درمیان ہوں گے۔‘‘
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ گلگت بلتستان کے سیلاب متاثرین پر گولیاں برسا کر حکومت عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کے بجائے مزید ظلم ڈھا رہی ہے۔ انہوں نے انتظامیہ کو متنبہ کیا کہ گلگت بلتستان کو بلوچستان نہ بنایا جائے اور مقامی عوام کے ساتھ زیادتیاں فوری طور پر بند کی جائیں۔
یہ بھی پڑھیں : سوست میں تاجروں پر فائرنگ، حکومت تاجروں کے مطالبات تسلیم کرے، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
وکلا دھرنے سے خطاب میں کاظم میثم اور جاوید منوا نے کہا کہ عدلیہ کو مفلوج نہ کیا جائے اور وکلا کے مطالبات فوری تسلیم کیے جائیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر سوست میں مزید طاقت کا استعمال کیا گیا تو سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں بڑھتے ہوئے ظلم و فسطائیت کسی گہری سازش کا شاخسانہ ہیں۔ عوام متحد اور تیار رہیں۔
کاظم میثم نے کہا کہ سوست پر موجود تاجر دراصل پورے گلگت بلتستان کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، عوام کو ان کی آواز میں آواز ملانی چاہیے۔