انجینئر حمید حسین طوری کی طلال چوہدری سے ملاقات، زائرین اور محنت کشوں کے مسائل پر اظہارِ تشویش
شیعیت نیوز : ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے پارلیمانی لیڈر اور رکنِ قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین طوری نے وفاقی وزیرِ مملکت برائے داخلہ جناب طلال چوہدری سے اسلام آباد میں اہم ملاقات کی۔ اس ملاقات میں زائرین کو درپیش مشکلات، ضلع کرم کے مسافروں کے پاسپورٹ بلاک ہونے اور سعودی عرب میں مقیم محنت کشوں کی گرفتاری کے سنگین مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں اس امر پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا کہ حکومت کی جانب سے زائرین کے زمینی راستوں پر پابندی برقرار ہے اور زائرین کمیٹی کی سفارشات پر تاحال عملدرآمد نہیں ہو رہا۔ یہ صورتِ حال زائرین اور ان کے اہل خانہ کے لیے نہ صرف کربِ مسلسل کا باعث ہے بلکہ بنیادی انسانی و شہری حقوق کی سنگین خلاف ورزی بھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سپریم کورٹ نے 9 مئی کے مقدمات میں عمران خان کی ضمانت منظور کرلی
انجینئر حمید حسین طوری نے وفاقی وزیرِ مملکت برائے داخلہ کی توجہ اس جانب بھی مبذول کرائی کہ ضلع کرم سے تعلق رکھنے والے ہزاروں محنت کشوں کے پاسپورٹ بلاک ہونے سے وہ شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ سعودی عرب میں قید و گرفتار بے گناہ مزدوروں کی رہائی کے لیے مؤثر حکومتی اقدامات نہ ہونا انتہائی افسوسناک ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر ان مسائل کے حل کے لیے اقدامات کرے تاکہ محنت کش اپنے خاندانوں کے معاشی بوجھ کو سنبھال سکیں۔
وفاقی وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے انجینئر حمید حسین طوری کو یقین دلایا کہ ان مسائل پر متعلقہ اداروں کے ساتھ بات چیت کی جائے گی اور حل کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔







