عمران خان کی ضمانت کے بعد فوری رہائی یقینی بنائی جائے، علامہ مقصود ڈومکی کا مطالبہ
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی آٹھ کیسز میں آج ضمانت ہو چکی ہے، لہٰذا انہیں فوری طور پر رہا کیا جانا چاہیے۔ پاکستان کے مقبول عوامی رہنما کو بلاجواز مقدمات میں الجھا کر انصاف کا قتل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام عمران خان کے ساتھ ہونے والی ناانصافی پر سخت ناراض ہیں۔ عمران خان نے بڑی جرأت اور بہادری کے ساتھ قید و بند کی صعوبتوں کو برداشت کیا ہے اور مسلسل دباؤ کے باوجود معافی مانگنے سے انکار کیا ہے، جبکہ اس سے قبل مختلف سیاست دانوں نے جیل کی بجائے ہسپتالوں کو ترجیح دی اور معافی ناموں پر دستخط کرکے خاندان سمیت ملک سے باہر چلے گئے۔ قید و بند میں عمران خان کے صبر و استقامت نے انہیں عوام کا محبوب رہنما بنا دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : انجینئر حمید حسین طوری کی طلال چوہدری سے ملاقات، زائرین اور محنت کشوں کے مسائل پر اظہارِ تشویش
علامہ مقصود علی ڈومکی نے مزید کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں وسیع پیمانے پر تباہی آئی ہے۔ حکومت اور ریاستی اداروں کو چاہیے کہ وہ عوام کی بروقت امداد کو یقینی بنائیں۔ اس سلسلے میں تمام اہلِ وطن کو بھی آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ متاثرین کی امداد کے حوالے سے مجلس وحدت مسلمین کے امدادی کیمپس میں عوام کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔
در این اثناء ڈومکی قبیلے کے معززین اور آل ڈومکی اتحاد کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ فروغِ تعلیم، اتحاد اور خدمتِ انسانیت ہماری جدوجہد کا محور ہے۔ ہم نوجوان نسل کو تعلیم کی طرف راغب کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ مستقبل میں ملک و ملت کی بہتر خدمت کرسکیں۔
انہوں نے امن و امان کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور ریاستی اداروں کو چاہیے کہ وہ قیام امن کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔







