امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے نے چین کے خلاف خصوصی مشن قائم کردیا

شیعیت نیوز: امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے نے چین کو سب سے بڑا خطرہ قراردیتے ہوئے اس کے خلاف ایک نئے مشن کا آغاز کردیا ہے، جو صرف چینی حکومت اور اس کی سرگرمیوں پر توجہ مرکوز رکھے گا۔
امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق چائنا مشن سینٹر کے نام سے ایک مشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کا مقصد چین کی حکومت سے دنیا کو لاحق خطرات کا سدباب کرنا ہے۔
سی آئی اے کے مطابق امریکہ کولاحق سب سے بڑا خطرہ چین ہے اور یہ خصوصی مشن بیجنگ کی جانب سے درپیش اسٹریٹیجک چیلنجز پر توجہ مرکوز کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں : یمن کے صوبے صعدہ میں ایک رہائشی عمارت پر سعودی اتحاد کی بمباری
امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اےکے ڈائریکٹر ولیم برنس کا اس بارے میں کہنا ہے کہ یہ خصوصی گروپ سی آئی اے کی جانب سے آپریٹ ہونے والے درجن بھر گروپوں میں سے ایک ہے اور چین کے بارے میں ایجنسی کی حکمت عملی پر باہمی روابط کے لیے ہر ہفتے ڈائریکٹر کی سطح پر میٹنگز کا انعقاد بھی ہوگا۔
سی آئی اے کا مزید کہنا ہے کہ اس سے امریکہ کی مسابقت کو لاحق اہم مسائل جیسا کہ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی، معاشی سیکیورٹی، ماحولیاتی چیلینجز اور صحت کے مسائل وغیرہ سے نبرد آزما ہونے میں مدد ملے گی۔
ڈائریکٹر ولیم برنس کا کہنا ہے کہ اس نئے مشن سے ہمیں اکیسویں صدی میں چینی حکومت کی بڑھتی ہوئی مخالفت سے پیدا ہونے والے جغرافیائی سیاست کے اہم اور بڑے خطرات پر کام کرتے ہوئے خود کو مضبوط کرنے میں مدد ملے گی۔
امریکہ کی جانب سے یہ اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب بیجنگ کی مخالفت جو بائیڈن انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے جب کہ حال ہی میں تائیوان کی فضائی حدود میں چین کی جنگی جہازوں کی پرواز کے بعد بھی دونوں سر پاورز کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں۔