دنیا

افغانستان میں طالبان نے داعش کے اہم کمانڈر ابوعمر خراسانی کو ہلاک کردیا

شیعیت نیوز: طالبان کا کہنا ہےکہ دہشت گرد گروہ داعش کا ایک اہم سرغنہ ابوعمر خراسانی اپنے انجام کو پہنچ گیا۔ دوسری طرف طالبان نے کابل کی سب سے بڑی زیارت گاہ کو بند کردیا ہے۔

المیادین کی رپورٹ کے مطابق طالبان کا کہنا ہےکہ دہشت گرد گروہ داعش کا ایک اہم سرغنہ ابوعمر خراسانی کل اپنے انجام کو پہنچ گیا۔

ابو عمر خراسانی کو گذشتہ برس افغان سکیورٹی فورسز نے گرفتار بھی کیا تھا۔

افغانستان پر طالبان کے کنٹرول حاصل کرنے کے بعد دہشت گرد گروہ داعش نے کابل اور ننگرھار پر دہشت گردانہ کارروائیاں کیں۔

گزشتہ چند دنوں کے دوران تکفیری گروہ داعش کے ننگرھار میں ہونے والی دہشت گردانہ کارروائیوں میں کئی طالبان اور عام شہری ہلاک اور زخمی ہوئے۔

طالبان کا کہنا ہے کہ جلد ہی داعش پر قابو پا لیا جائیگا۔

یہ بھی پڑھیں : افغان جنگ، طویل ترین جنگ ہونے کے ساتھ ساتھ مہنگی ترین جنگ بھی ثابت ہوئی، لنڈا بلومز

ادھر افغانستان کے صوبہ ننگرہار کے شہر جلال آباد میں سڑک کے کنارے نصب بم دھماکے میں 2 سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔ جلال آباد کو داعش دہشت گرد تنظیم کا گڑھ سمجھا جاتا ہے ۔

جلال آباد میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد کم سے کم 10 دھماکے ہوئے ہیں جن میں طالبان سمیت 40 سے زائد افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب طالبان نے دارالحکومت کابل کی سب سے بڑی زیارت گاہ کو بند کردیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مسلح طالبان نے کارتہ سخی نامی علاقے کے دامن کوہ میں واقع مشہور زیارت گاہ، درگاہ سخی کو بند کر دیا ہے اور کسی کو بھی وہاں جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

اگرچہ طالبان نے اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے تاہم مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس زیارت گاہ کے احاطے میں واقع بعض قبروں پر کندہ قرآنی آیات کی وجہ سے ایسا کیا گیا ہے۔ درگاہ سخی کابل شہر کے تاریخی مقامات میں شامل ہے اور اہم ترین مذہبی اور تفریحی مقام شمار ہوتا ہے۔

سنی اور شیعہ دونوں اس درگاہ کے لیے خاص احترام کے قائل ہیں اور زیارت کے لیے وہاں جاتے ہیں۔ ہر سال نوروز کے موقع پر درگاہ سخی پر پرچم لہرانے کی خاص رسم ادا کی جاتی ہے جس میں ہزاروں افغان شہری شرکت کرتے ہیں۔

درگاہ سخی افغانستان میں جشن نوروز کی بھی علامت سمجھی جاتی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button