مشرق وسطی

نیتن یاہو کی الیکشن مہم کا حصہ نہیں بن سکتے، متحدہ عرب امارات

شیعیت نیوز: متحدہ عرب امارات نے اسرائیل اور دیگر عرب ریاستوں کے ساتھ ابوظہبی میں طے شدہ سمٹ کو فی الحال ملتوی کر دیا ہے اور عرب ممالک کے ایک حکمراں کو اپنی الیکشن مہم کا حصہ بنانے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جانب سے یہ سمٹ آئندہ ماہ اپریل میں رکھی گئی تھی جس میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے بھی شرکت کرنا تھی۔

اسرائیلی میڈیا کا بتانا ہے کہ ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات کی بحالی کو اپنی الیکشن مہم کا حصہ بناکر استعمال کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : القاعدہ دہشت گردوں کو امریکہ کے خفیہ اداروں نے قائم کیا، سید حسن نصراللہ

اسرائیلی میڈیا کے مطابق ابوظہبی کے ولی عہد نے اسرائیلی وزیراعظم کے ایک دعوے پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے جس میں نیتن یاہو نے ایک عوامی ریلی سے خطاب میں دعویٰ کیا کہ ابوظبی کے ولی عہد نے انہیں فوری طور پر اسرائیل میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی تھی۔

اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہےکہ متحدہ عرب امارات نیتن یاہو کی الیکشن مہم کا حصہ نہیں بننا چاہتا جس کی وجہ سے اسرائیلی وزیراعظم سے مطالبہ کیا گیا ہےکہ وہ الیکشن تک اپنا دورہ ملتوی کر دیں جسے کل طے کیا جانا تھا۔

اماراتی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ یو اے ای اسرائیل کے کسی بھی انتخابی عمل کا ابھی اور کبھی بھی حصہ نہیں بنے گا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو نے گزشتہ روز ریڈیو پر خطاب میں کہا تھا کہ وہ 23 مارچ کے بعد الیکشن کے خاتمے پر خلیجی ملک کا دورہ کریں گے اور وہ الیکشن سے قبل ابوظہبی نہیں جائیں گے بلکہ الیکشن کے بعد ہی دورہ کریں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال اگست سے اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات کی بحالی کے بعد سے اب تک اسرائیلی وزیراعظم کئی بار یو اے ای کا دورہ ملتوی کر چکے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button