عرب حکمرانوں کی خاموشی فلسطینی نسل کشی کی بنیادی وجہ ہے، سید عبدالملک الحوثی
عبدالملک الحوثی نے بڑا انکشاف کر دیا، فلسطین پر جاری مظالم کے اصل محرکات کون؟

شیعیت نیوز : انصاراللہ کے سربراہ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے اپنے تازہ خطاب میں کہا ہے کہ اسرائیلی مظالم، امریکی فریب کاری اور عرب و اسلامی حکومتوں کی شرمناک خاموشی فلسطینی نسل کشی کی اصل وجوہات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، عبدالملک الحوثی نے کہا کہ گذشتہ دو سال سے غزہ میں جاری قتل و غارت گری نے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، لیکن صیہونی حکومت امریکی پشت پناہی اور عرب حکمرانوں کی بےحسی سے فائدہ اٹھا رہی ہے۔ تل ابیب بھوک کو فلسطینیوں کی نسل کشی کے لیے بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے، جب کہ خواتین، بچوں اور رہائشی عمارتوں پر حملے معمول بن چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیل کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا، مولانا فضل الرحمن
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کا نام نہاد امن منصوبہ صیہونی مفادات کا مکمل ترجمان ہے، جو فلسطینیوں کی خودمختاری کو نظر انداز کرتے ہوئے غزہ کا انتظام امریکی-برطانوی کمیٹی کے سپرد کرنے کی سازش ہے۔ حتی کہ فلسطینی اتھارٹی نے بھی اس منصوبے کو مسترد کردیا ہے۔
عبدالملک الحوثی نے انکشاف کیا کہ نتن یاہو نے خود اعتراف کیا ہے کہ ٹرمپ کا منصوبہ اسرائیل کے تمام مفادات پورے کرتا ہے۔ ان کے مطابق اس منصوبے میں مزاحمتی قوتوں کو غیر مسلح کرنے اور غزہ سے بےدخل کرنے کی شقیں شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ عالمی رائے عامہ کو دبانے اور اپنی شبیہ کو بچانے کے لیے جعلی انسانی امداد کے منصوبے پیش کرتا ہے۔ "غزہ ہیومنٹیرین انسٹیٹیوٹ” اسی فریب کی ایک مثال ہے، جو بعد میں فلسطینیوں کو نشانہ بنانے کا ذریعہ بنا۔
الحوثی نے کہا کہ ٹرمپ عرب حکومتوں کو مزاحمتی قوتوں کے خلاف استعمال کرنا چاہتے ہیں تاکہ امریکی-صہیونی منصوبے کے ذریعے مشرق وسطیٰ کو تبدیل کیا جا سکے۔ ساتھ ہی انہوں نے وینزویلا کے قدرتی وسائل، خصوصاً تیل پر امریکی نظریں جمی ہونے کا بھی انکشاف کیا۔
انہوں نے فلسطین کے حق میں سرگرم کارکنان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صمود فلوٹیلا کے اراکین نے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر اسرائیل کو عالمی سطح پر رسوا کیا۔
آخر میں انہوں نے یمن کی مزاحمتی کارروائیوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ حالیہ ہفتوں میں 18 میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے جبکہ 228 کشتیوں کو نشانہ بنایا گیا، جن میں سے ایک کشتی گزشتہ جمعرات کو حملے کا شکار بنی۔