مشرق وسطی

اقوام متحدہ فلسطینیوں کی جان ومال کو تحفظ فراہم کرے: کویت

خلیجی ریاست کویت نے سلامتی کونسل میں ایک قرارداد کا مسودہ تقسیم کیا ہے جس میں عالمی ادارے سے فلسطین کے جنگ سے متاثرہ علاقے غزہ میں عالمی امن مشن بھجوانے کا مطالبہ کیاگیا ہے۔ کویت کی طرف سے سلامتی کونسل کے سفیروں میں تقسیم کردہ قرارداد کے مسودے میں غزہ کے عام شہریوں کی زندگیوں کو تحفظ فراہم کرنے اور عالمی امن مشن غزہ بھجوانے کی درخواست کی ہے۔

کویت نے غزہ کی پٹی کی موجودہ صورت حال کے تناظر میں کشدگی کم کرنے کے لیے وہاں پر عالمی امن فوج تعینات کرنے کی بھی تجویز پیش کی ہے۔اقوام متحدہ کے متعدد سفارت کاروں نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ کونسل کے ارکان آئندہ سوموار سے کویت کی قرارداد پر غور کریں گے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ میں اسرائیلی سفیر ڈانی ڈانون نےکویت کی قرارداد کو مسترد کردیا ہے۔ اس قرارداد میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جرنل انتونیو گوٹیرس سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ کونسل کےارکان کے سامنے غزہ میں پر تشدد واقعات کےحوالے سے ایک رپورٹ 30 دن کے اندر اندر پیش کریں۔ادھر فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے بھی عالمی برادری سے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے جرائم کی روک تھام کے لیے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیاہے۔

خیال رہے کہ 14 مئی کو فلسطین میں 70 یوم نکبہ اور امریکی سفارت خانے کی القدس منتقلی کے موقع پر غزہ کی پٹی میں تشدد بھڑک اٹھا تھا جس میں کم سے کم 62 فلسطینی شہید اور 3200 زخمی ہوگئے تھے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button