عراق

عراق: صوبے الانبار میں فوج کی پیش قدمی

عراق کے صوبے الانبار کے آپریشنل کمانڈر میجر جنرل علی ابراہیم نے ایک بیان میں صوبے الانبار میں تین قصبوں کو داعش دہشت گرد گروہ کے قبضے سے آزاد کرائے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عراقی فوج کی اس کارروائی میں کم از کم پندرہ داعشی دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ دھماکہ خیز مواد کی حامل ان کی چار گاڑیوں کو تباہ کر دیا گیا۔ صوبے الانبار کے گورنر صہیب الراوی نے بھی کہا ہے کہ عراقی فوج نے شہر الرطبہ کی جانب قابل ذکر پیش قدمی کی ہے اور جلد ہی اس شہر سے دہشت گردوں کا صفایا کر دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ عراقی فوج نے حال ہی میں صوبے الانبار کے صدر مقام الرمادی سمیت مختلف علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرایا ہے۔ عراق سے ہی ایک اور خبر یہ ہے کہ جنوب مشرقی بغداد میں ہونے والے ایک بم دھماکے میں کم سے کم دو افراد جاں بحق اور پانچ دیگر زخمی ہو گئے۔ صوبے دیالہ کے شہر بعقوبہ میں بھی عراقی سیکورٹی فورسز نے القاعدہ سے وابستہ ایک دہشت گرد گروہ کا قلع قمع کر دیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button