ایران اور سعودی عرب میں نئی پیش رفت: صحت کے شعبے میں تاریخی تعاون کی راہ ہموار!
شیعیت نیوز : ایران کے وزیر صحت محمد رضا ظفرقندی نے قاہرہ، مصر میں منعقدہ عالمی ادارہ صحت (WHO) کی مشرقی بحیرۂ روم کی علاقائی کمیٹی کے اجلاس کے موقع پر سعودی عرب کے وزیر صحت فہد بن عبدالرحمن الجلاجل سے ملاقات کی۔
ملاقات میں ڈاکٹر ظفرقندی نے صحت کے شعبے میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت کو حتمی شکل دینے اور دونوں ممالک کے درمیان سائنسی، تعلیمی اور طبی اشتراک کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کا تعاون نہ صرف ایران اور سعودی عرب بلکہ پورے خطے میں صحت کے معیار کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : ایران اور مالی کے وزرائے خارجہ کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر گفتگو
اس موقع پر سعودی وزیر صحت نے اپنی جانب سے ایران اور اس کے نجی دواساز شعبے کو عالمی صحت نمائش میں شرکت کی خصوصی دعوت دی، جو 27 سے 30 اکتوبر 2025 تک ریاض میں منعقد ہوگی۔
عالمی صحت نمائش سعودی عرب کا صحت کے شعبے میں تجارت اور جدت طرازی کا سب سے بڑا پلیٹ فارم ہے، جہاں بین الاقوامی ماہرین اور ادارے صحت کے نئے مواقع اور شراکت داری کے امکانات تلاش کرنے کے لیے جمع ہوتے ہیں۔







