لبنان

حزب اللہ لبنان نے شام کی تقسیم سے متعلق اسرائیلی منصوبے سے خبردار کیا

حزب اللہ لبنان نے ایک بیان میں جولان کے مقبوضہ علاقے میں صیہونی حکومت کی کابینہ کے اجلاس کی تشکیل کے اقدام اور اس علاقے پر اسرائیل کی حاکمیت کے بارے میں اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نتن یاہو کے دعووں کی مذمت کی اور شام کو تقسیم کرنے کی اس غاصب حکومت کی سازش سے خبردار کیا-

حزب اللہ لبنان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ صیہونی حکومت کا یہ اقدام، عرب قوم کے خلاف اس حکومت کی جارحانہ ماہیت اور اس کی توسیع پسندی کا منھ بولتا ثبوت ہے- حزب اللہ نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کی کابینہ کا یہ اقدام، شام کے امور میں کھلی مداخلت اور تکفیری دہشت گردوں کا براہ راست تعاون کرنے کے ذریعے، مقبوضہ جولان کو شام سے علیحدہ کرنے کی سازش ہے-

حزب اللہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ افسوس کہ بعض عرب ممالک فتنہ انگیزی اور منافرت پھیلانے، نیز دہشت گردوں کے ہتھیاروں اور پیسوں سے حمایت کرنے کے ذریعے، صیہونیوں کے نئے اور پرانے منصوبوں اور اہداف کو عملی جامہ پہنانے کے درپے ہیں –

واضح رہے کہ صیہونی حکومت کے وزیراعظم بنیامین نتن یاہو نے اتوار کو اپنی کابینہ کے اجلاس میں عالمی برادری سے کہا کہ وہ جولان پر اسرائیل کے قبضے کو تسلیم کر لے- نتن یاہو نے ایک اشتعال انگیز اقدام کے تحت اپنی کابینہ کا اجلاس مقبوضہ جولان میں کیا تھا-

متعلقہ مضامین

Back to top button