امام خمینیؒ نے حقیقی دینِ محمدی ﷺ کو دنیا کے سامنے بطور ضابطہ حیات منوایا، علامہ حسنین گردیزی
شیعیت نیوز : مجلس علمائے مکتب اہلبیت کے زیرِ اہتمام دو روزہ مجلس عمومی کا اجلاس اختتام پذیر ہوا۔ اجلاس کے آخری روز دفاعِ ولایت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس علمائے مکتب اہلبیت پاکستان کے مرکزی صدر علامہ سید حسنین عباس گردیزی نے کہا کہ انسان کی تربیت ایک دینی اور الہی فریضہ ہے۔ اسی فریضے کی انجام دہی کے لیے انبیاءؑ تشریف لائے اور کتابیں بھی نازل ہوئیں، جسے خلوص اور بے لوث انداز سے انجام دینا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ بعثتِ رسول ﷺ کے بعد دینِ اسلام نے بہت سے نشیب و فراز دیکھے جبکہ موجودہ صدی کو دین اسلام کے عروج کی صدی کہا جا سکتا ہے۔ خصوصاً حضرت امام خمینیؒ نے دینِ محمدی ﷺ کو ایک مکمل ضابطہ حیات کے طور پر پیش کرتے ہوئے اسے منوایا ہے۔ آپ نے طاغوتی قوتوں کی جانب سے متعارف کروائے گئے امریکی و استعماری دین پر حدِ تنسیخ کھینچ کر حقیقی دین اسلام کا پرچار کیا۔ آپ نے اسلام کو دنیا میں تمام مسائل کے واحد حل کے طور پر پیش کیا۔ دنیا کے جتنے بھی مسائل و مشکلات ہیں ان کا واحد حل دینِ اسلام میں موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ائیر ڈیفنس سسٹم کو جدید بنانا وقت کی ضرورت ہے، میجر جنرل سید عبد الرحیم موسوی
علامہ حسنین گردیزی نے کہا کہ انقلابِ اسلامی نے ثابت کیا کہ اسلام صرف انفرادی اور عبادی مسائل ہی حل نہیں کرتا بلکہ انسان کے اجتماعی، سیاسی، معاشی اور سماجی مسائل کا بھی بہترین حل پیش کرتا ہے۔ امام خمینیؒ کا اسلامی تعلیمات کو پیش کرنے کا منفرد اور اچھوتا انداز یہ ہے کہ انہوں نے نہ صرف دنیا کو دینِ نابِ محمدی بتایا بلکہ علما کو بھی حقیقی دین سکھایا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ شیخ انور علی نجفی نے کہا کہ دفاعِ ولایت ہمارا فرضِ منصبی ہے۔ بے خوفی اور حکمتِ عملی کے ساتھ ہمیں اپنا پیغام پہنچانا چاہئے۔ ولایت کے تحفظ کے لیے جان کی بھی پرواہ نہیں ہے۔ ولایت کی ترویج و اشاعت کا فریضہ حکیمانہ انداز سے کرنا ہی مؤثر نتائج کا حامل ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ولایت کا دفاع علما اور جوانوں کے ساتھ پوری ملت کی ذمہ داری ہے۔ سوشل میڈیا کے ذریعے جوانوں کی آواز اور پیغام رسانی کا دائرہ کار وسیع تر ہو چکا ہے جسے بہترین طریقے سے استعمال کرنا وقت کا تقاضا ہے۔ سچ کڑوا ہو سکتا ہے لیکن اگر اسے مؤثر انداز میں سامعین تک پہنچایا جائے تو قبول کیا جانے لگتا ہے۔
اجلاس سے علامہ سید اصغر عسکری، ماہر تعلیم سید امتیاز رضوی، ممبر جی بی کونسل علامہ شیخ احمد علی نوری، علامہ اصغر شہیدی سمیت صوبائی و ضلعی عہدے داران نے بھی خطاب کیا۔







