دنیا

روس کی جانب سے امریکی وزیر دفاع کے بیان کی مذمت

روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے روس کے خلاف دباؤ ڈالے جانے کے بارے میں امریکی وزیر دفاع کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس کے خلاف امریکی فوجی حکام کا بیان ناقابل قبول اور بین الاقوامی سفارتی تعلقات کی بنیاد پر قابل مذمت ہے۔

امریکی وزیر دفاع ایشٹن کارٹر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ مغربی ملکوں کو چاہئے کہ متحد ہو کر روس کے خطرے کے مقابلے میں سیاسی و اقتصادی صورت میں موثر اقدامات عمل میں لائیں۔

روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے امریکی وزیر دفاع کے اس بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کا اس قسم کا رویہ، بین الاقوامی تعلقات کی بنیاد پر ناقابل قبول ہے اور کسی ملک کو اس طرح سے دشمن قرار نہیں دیا جاسکتا۔

روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ روس، شام میں امریکہ کے ساتھ تعاون کرنے کی کوشش کر رہا ہے، ایسی صورت میں امریکی فوجی حکام کے روس مخالف بیان سے شام میں فائر بندی کا جاری عمل، خطرے سے دوچار ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ روس اور امریکہ نے شام میں فائر بندی سے اتفاق کرتے ہوئے ایک سمجھوتے پر دستخط کئے ہیں جبکہ حالیہ دنوں میں شام میں مغرب کی جانب سے فائر بندی کی خلاف ورزیاں کئے جانے کی متعدد رپورٹیں موصول ہوئی ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button