عراق

عراق: الحصیبہ کا علاقہ دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے آزاد ہو گیا

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق عراق کی مشترکہ آپریشنل کمان نے ایک بیان کہا ہے کہ فوج نے پیر کے دن رمادی شہر کے مشرق میں واقع الحصیبہ نامی علاقے کو دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے مکمل طور پر آزاد کرا لیا۔
عراق کی مشترکہ آپریشنل کمان کے بیان میں مزید آیا ہے کہ الحصیبہ کی آزادی کے دوران پانچ دہشت گرد ہلاک ہوئے، گیارہ بموں کو ناکارہ بنایا گیا، چھ گھروں سے دہشت گردوں کو مار بھگایا گیا اور ان گھروں میں نصب بم ناکارہ بنا دیئے گئے۔ بیان میں مزید آیا ہے کہ بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنانے کا کام جاری ہے۔
عراق کی مشترکہ سیکورٹی فورسز نے سکک، طحونہ اور جمعیات جیسے رمادی کے مزید شہروں کو بھی دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔ صوبہ الانبار کی آپریشنل کمان نے بھی اعلان کیا ہےکہ رمادی شہر کو بہت جلد داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا جائے گا۔ عراق کے صوبہ الانبار کی آپریشنل کمان نے رمادی شہر کے باشندوں سے کہا ہے کہ وہ شہر سے نکل جائیں تاکہ عراقی فوجی شہر میں داخل ہو کر دہشت گردوں کو نکال باہر کریں۔
واضح رہے کہ عراق کا صوبہ الانبار شام کی سرحد کے قریب واقع ہے اور شام میں سرگرم دہشت گرد عراق کی سرزمین میں داخل ہو کر اس ملک میں سرگرم دہشت گردوں کی مدد کرتے ہیں۔
دہشت گرد گروہ داعش نے گزشتہ برس موسم گرما میں عراق کے بعض شمالی اور مغربی علاقوں پر قبضہ کرنے کے بعد ان علاقوں میں ہولناک مظالم کا ارتکاب کیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button