لبنان

لبنانی مظاہرین کا وزارت ماحولیات کی عمارت پر قبضہ

لبنان کے دارالحکومت بیروت میں دسیوں مظاہرین نے کوڑا کرکٹ کے بحران کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے وزارت ماحولیات کی عمارت پر قبضہ کرلیا اور اس میں دھرنا دیکر بیٹھ گئے ہیں۔
لبنان کے المنار ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق لبنانی مظاہرین نے منگل کے روز وزارت ماحولیات کی عمارت میں دھرنا دے کر وزیر ماحولیات محمد المشنوق کے استعفی کا مطالبہ کیا-

اس رپورٹ کے مطابق لبنانی مظاہرین نے محمد المشنوق کی برطرفی کا مطالبہ کرتے ہوئے اس وزارت کے ملازمین اور لبنانی شہریوں سے اس احتجاج میں شامل ہونے کی اپیل کی- مظاہرین نے اس سے قبل کہا تھا کہ اگر حکومت لبنان نے تین دن کے اندر ان کے مطالبات پورے نہ کئے تو وہ شدید اقدامات انجام دیں گے-

لبنانی مظاہرین کوڑا کرکٹ کے بحران کے حل کے لئے بلدیاتی اداروں کو بجٹ دینے کا بھی مطالبہ کر رہے ہیں- واضح رہے کہ سترہ جولائی سے بیروت میں کچرا ٹھکانے لگانے کی مرکزی سائٹ بند کرنے کے باعث شہر اور اس کے اطراف کے علاقوں میں کچرے کے ڈھیر لگ گئے ہیں جس کے خلاف عوام شدید غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں-

شہر بیروت میں کوڑا کرکٹ جمع نہ ہونے کے سبب، لبنان کی وزارت صحت نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یہ بحران حل نہیں ہوتا تو ملک، صحت عامہ کے بحران سے دوچار ہوجائے گا-

متعلقہ مضامین

Back to top button