مشرق وسطی

عربوں کے خلاف صیہونی حکومت کی سازشیں

شام کے صدر بشار اسد کی مشیر بثینہ شعبان نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ تمام عرب ممالک، صیہونی حکومت کی سازشوں کی زد میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک نے بھی صیہونی حکومت کے مقابلے میں مزاحمت اور مسئلہ فلسطین کی حمایت کی ہے، اس نے در حقیقت اپنے تحفظ کو یقینی بنایا ہے۔ بثینہ شعبان نے اس مسئلے پر زور دیا کہ صیہونی حکومت، عرب ممالک کے حصے بخرے کرنے کے درپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی سے علاقے کے تمام ممالک کو فائدہ پہنچے گا۔ شام کے صدر کی مشیر نے زور دیکر کہا کہ علاقے کے ممالک کا فرض ہے کہ وہ، صیہونیوں کے مقابلے میں متحدہ موقف اختیار کریں۔ واضح رہے کہ جمعرات کو شام کے دارالحکومت دمشق میں ،بیت المقدس کا قیام اور فلسطین کی کامیابی، کے زیرعنوان ایک کانفرنس منعقد ہوئی جس میں مختلف دانشوروں نے مسئلہ فلسطین کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ اس کانفرنس میں استقامت کو مسئلہ فلسطین کا واحد حل قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ اکیس اگست سن انیس سو انہتر کو انتہا پسند صیہونیوں نے مسجد الاقصی پر حملہ کرکے، مسلمانوں کے قبلہ اول کو نذر آتش کر دیا تھا جس کے نتیجے میں اس تاریخی اور مقدس مقام کو شدید نقصان پہنچا تھا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button