عراق میں داعش کے ہولناک جرائم
دہشت گرد گروہ داعش نے اپنی بربریت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے عراق کے تیرہ بچوں اور عورتوں کو زندہ جلا دیا-
عراقی نیوز ایجنسی النخیل کی رپورٹ کے مطابق صوبہ الانبار کی نجات کونسل کے سربراہ حمید الہائس نے کہا کہ موصولہ اطلاعات کی بنیاد پر داعش کے عناصر نے، چار عورتوں اور نو بچوں کو، فی کس آٹھ سو ڈالر جزیہ ادا نہ کرنے اور شہر فلوجہ سے فرار کرنے کے لئے گھروں سے باہر نکلنے کے جرم میں پنجرے میں قید کرکے انہیں زندہ آگ میں جلا دیا- حمید الہائس نے کہا کہ داعش کے عناصر، فلوجہ کے شہریوں کو، فی کس آٹھ سو ڈالر، بطور جزیہ ادا کئے بغیر شہر سے باہر جانے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں- داعش دہشت گرد گروہ نے صوبہ الانبار کے شہر الرمادی میں اپنے بچوں کو اس گروہ میں شامل ہونے کی اجازت نہ دینے کے نتیجے میں، تین عورتوں کو بھی آگ میں جلا دیا- داعش دہشت گردوں نے ایک اور وحشیانہ جرم کا ارتکاب کرتے ہوئے بم دھماکے کی ٹریننگ کے لئے ایک شیر خوار بچے کو بم سے باندھ کر دھماکے سے اڑا دیا- صوبہ دیالہ کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ یہ بچہ ایک ایسے عراقی شہری کا تھا کہ جسے چند ہفتہ قبل، داعش گروہ کا مقابلہ کرنے کے الزام میں قتل کر دیا گیا تھا-